’پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے مقدمے میں سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی اسے قبول کریں گے۔
مانچیسٹر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ ملک کا ایک چیف ایگزیکٹو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے مقدمے میں ہم عدالت کی مدد کر رہے ہیں کیونکہ ہم نے عدالت میں ثبوت پیش نہیں کرنے بلکہ نواز شریف نے ثبوت پیش کرنے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لندن میں کوئی سازش نہیں ہو رہی اور میں یہاں اپنے دوست کی شادی میں شرکت کے لیے آیا ہوں اور کے بعد واپس پاکستان چلا جاؤں گا۔
عمران خان کا پاکستان تحریک انصاف کے وکیل حامد خان کی جانب وزیر اعظم کے خلاف پاناما لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی پیروی کرنے سے معذوری ظاہر کے حوالے سے کہنا تھا ان کے خیال میں حامد خان پر میڈیا کا پریشر ہے۔
انھوں نے کہا کہ حامد خان 20 سال سے ہمارے ساتھی ہیں اور میں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن مجھے یہ معلوم نہیں کہ ان پر اتنا پریشر کیسے پڑ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے وزیر اعظم کے خلاف پاناما لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی پیروی کرنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی قیادت کو آگاہ کردیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی








