امریکہ: سکول میں فائرنگ سے دو بچوں سمیت تین زخمی

حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے بچوں کے زخم جان لیوا نہیں ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے بچوں کے زخم جان لیوا نہیں ہیں

امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک پرائمری سکول میں فائرنگ کے واقعے میں دو بچے اور ایک استاد زخمی ہوگئے ہیں۔

ایک نوجوان مشتبہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ بچے اب محفوظ ہیں۔ سکول کے تمام بچوں کو حملے کے بعد قریبی چرچ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

فائرنگ کا واقعہ ٹاؤن وائل ایلیمنٹری سکول میں دن ایک بجے کے قریب پیش آیا۔ اس سکول میں 286 طالب علم زیرِ تعلیم ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے بچوں کے زخم جان لیوا نہیں ہیں۔

سواٹ ٹیم نے کسی دوسرے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر سکول کی تلاشی لی۔ دونوں زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام اس سکول سے ڈیرھ کلومیٹر دور ملنے والی ایک لاش کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

حملے کے بعد علاقے میں موجود دوسرے سکول کھلے رہے تاہم باہر سے کسی شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بچوں کے والدین کو ایک موبائل پیغام کے ذریعے حملے کح اطلاع دی گئی اور بتایا گیا کہ وہ انہیں کہاں سے آ کر لے جا سکتے ہیں۔