امریکہ: بچوں کو بہکانے والے جوکروں سے متعلق شکایات

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر یہ مذاق بھی ہے تب بھی ان کے خلاف مجرمانہ چارجز لگائے جائیں گے‘

،تصویر کا ذریعہISTOCK

،تصویر کا کیپشنپولیس نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر یہ مذاق بھی ہے تب بھی ان کے خلاف مجرمانہ چارجز لگائے جائیں گے‘

امریکہ کے پولیس سٹیشنز میں رواں موسم گرما میں درجنوں ایسے جوکروں کے دکھائی دیے جانے کی شکایات کا تانتا بندھ گیا جنہوں نے بچوں کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنے پاس بلایا۔

بعض بچوں کا دعوی ہے کہ ان جوکروں نے انھیں لالچ دے کر جنگل میں لے جانے کی کوشش کی۔

رات کو نمودار ہونے والے یہ جوکر کم از کم چھ امریکی ریاستوں میں نظر آئے ہیں اور تازہ ترین واقعہ جارجیا میں پیش آیا ہے جہاں دو بچے صبح سویرے اپنی سکول بس کا انتظار کر رہے تھے کہ انھیں یہ جوکر نظر آیا اور وہ خوف و دہشت کے عالم میں اپنی جان بچانے کے لیے بھاگے۔

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر یہ مذاق بھی ہے تب بھی ان کے خلاف مجرمانہ چارجز لگائے جائیں گے۔‘

ایک 12 سالہ لڑکے کیمرن فریلز نے ڈبلیو آر ڈی ڈبلیو نیوز کو بتایا: ’ہم نے ایک شخص کو پوری طرح سیاہ لباس میں جوکر کے ماسک اور لال بالوں کے ساتھ دیکھا۔‘

پڑوسی ریاست کیرولینا کے ایکن کاؤنٹی میں ایک ریڈیو سکینر کو پولیس کے یہ پیغام موصول ہوئے: ’ایک شخص کو جوکر کے ماسک میں سرخ اور زرد سوٹ میں جنگل میں دیکھا گيا ہے۔ اس کے پاس سبز لیزر روشنی ہے جو کھڑکیوں سے چمکتی ہوئی نظر آتی ہے۔‘

پولیس نے فیس بک پر یہ پیغام ڈالا ہے

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK

،تصویر کا کیپشنپولیس نے فیس بک پر یہ پیغام ڈالا ہے

اس طرح کے جوکر اوہایو، جنوبی کیرولینا، شمالی کیرولینا، کیلیفورنیا، وسکانسن اور جارجیا میں نظر آئے ہیں۔

ساؤتھ کیرولینا کے پولیس چیف کین ملر نے کہا: ’اس جوکر پن پر روک لگنی چاہیے۔ یہ غیر قانونی ہے، خطرناک اور نامناسب ہے یہ عوام میں تشویش پیدا کر رہا ہے۔‘

نیوجرسی کی پولیس نے اس طرح کے رجحان پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ مجرم اس طرح کے واضح کپڑے نہیں پہنتے۔

بہر حال اصل جوکر جو اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ اس رجحان سے پریشان ہیں کیونکہ انھیں پہلے سے ہی اپنی بہت سی منفی ترجمانی سے سابقہ پڑا ہوا ہے۔