شام: بمباری سے حلب میں آگ بھڑک اٹھی

،تصویر کا ذریعہAP
شام میں کام کرنے والے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی شہر حلب میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں جنگ بندی کے ایک ہفتے کے بعد راتوں رات شدید بمباری کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ جنگی جہازوں نے رات بھر حلب میں بمباری کی جس کی وجہ سے شہر کی گلیوں میں آگ لگ گئی۔
شام میں کام کرنے والے ایک امدادی گروپ کا کہنا ہے کہ بستان القصر میں بمباری سے تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے۔
شام کے جنوبی ضلعے میں بھی لڑائی کی اطلاعات ہیں جہاں باغی حکومتی افواج کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترکی کی سرحد کے قریب واقع شام کا شہر حلب ایک قدیم تجارتی اور صنعی مرکز رہا ہے لیکن سنہ 2012 کے بعد سے حلب باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان تقسیم ہو چکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حلب کے مغربی حصے پر شام کی حکومتی افواج جب کہ مشرقی حصے پر باغیوں کا قبضہ ہے۔
حلب میں جاری لڑائی کی وجہ سے 20 لاکھ افراد شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ پیر کو شام کے شہر حلب کے قریب اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک جب کہ سامان سے بھرے 31 میں سے 18 ٹرک تباہ ہو گئے تھے۔
امریکہ نے کہا ہے کہ شام میں اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے پر حملے کی ذمہ داری روس پر عائد ہوتی ہے تاہم روس کا موقف ہے کہ نہ تو اس نے اور نہ ہی شامی جہازوں نے حملہ کیا ہے اور یہ حادثہ کسی فضائی حملے کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ زمین پر آگ لگنے کی وجہ سے پیش آیا۔
دوسری جانب شامی حکومت کے ایک ترجمان کا جعمرات کو کہنا تھا کہ حکومت ایک امدادی قافلہ دارالحکومت دمشق بھیجے گی۔ انھوں نے ’مستقبل قریب‘ میں حلب تک امدادی پہنچنے کی امید ظاہر کی ہے۔







