جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب خودکش دھماکہ

،تصویر کا ذریعہ.
سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ایک مشتبہ خودکش حملہ آور نے جدہ میں واقع امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
اس واقعے میں مشتبہ حملہ آور ہلاک اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جنھوں نے حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش کی تھی۔
یہ حملہ سحری کے وقت امریکی یومِ آزادی کے موقعے پر ہوا ہے۔
جدہ ہی کے امریکی قونصل خانے کو 2004 میں حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ وہ ’تصدیق کر سکتے ہیں کہ تمام عملہ محفوظ ہے۔‘
سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ محافظوں کو صبح سوا دو بجے کے قریب ڈاکٹر سلیمان فقیہ ہسپتال کے باہر کھڑی ایک گاڑی میں بیٹھے شخص کے بارے میں شک پیدا ہوا۔
یہ ہسپتال امریکی قونصل خانے کے سامنے واقع ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جب محافظ گاڑی کے قریب پہنچے تو اس میں بیٹھے شخص نے ’ہسپتال کی پارکنگ کے اندر اپنی خودکش بیلٹ سے اپنے آپ کو اڑا دیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے حملے کے بعد ایک تنبیہ جاری کی ہے جس میں امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’اپنے گرد و پیش سے باخبر رہیں اور ملک بھر میں سفر کرتے وقت اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔‘







