ایجپٹ ایئر کے جہاز کی بم کی اطلاع پر ہنگامی لینڈنگ

 ازبکستان میں ہنگامی لینڈنگ کے چار گھنٹے بعد پرواز نے بیجنگ کے لیے دوبارہ اڑان بھری

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن ازبکستان میں ہنگامی لینڈنگ کے چار گھنٹے بعد پرواز نے بیجنگ کے لیے دوبارہ اڑان بھری

مصری فضائی کمپنی ایجپٹ ایئر کے قاہرہ سے بیجنگ جانے والے مسافر طیارے کو بم کی جھوٹی اطلاع پر ازبکستان میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

ایجپٹ ایئر کے جہاز ایئر بس 220-330 اے کو ازبکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے گرکانج پر اتارا گیا اور جہاز میں سوار 118 مسافروں اور عملے کے 17 ارکان کو جہاز سے باہر نکال کر جہاز کی تلاشی لی گئی۔

مصر کے حکام کے مطابق ازبکستان کے سکیورٹی حکام نے جہاز کی تلاشی لی لیکن اس میں کوئی دھماکہ خیز مواد یا آلہ برآمد نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ تین ہفتے قبل ہی ایجپٹ ایئر کا جہاز پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرۂ روم میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

ایجپٹ ایئر کے چیئرمین صفوت مسلم نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ فلائٹ ایم ایس 9555 نے 22:55 جی ایم ٹی پر قاہرہ سے بیجنگ کے لیے اڑان بھری اور اس نے بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق 15:34 پر لینڈ کرنا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ پرواز کے دوران نامعلوم شخص نے قاہرہ میں سکیورٹی اہلکاروں کو فون کر کے جہاز میں بم کی اطلاع دی جس پر جہاز کے پائلٹ کو فوری طور پر قریبی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کا حکم دیا گیا۔

 تین ہفتے قبل ہی ایجپٹ ایئر کا جہاز پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرۂ روم میں گر کر تباہ ہو گیا تھا

،تصویر کا ذریعہEPAEgyptian Defense Ministery

،تصویر کا کیپشن تین ہفتے قبل ہی ایجپٹ ایئر کا جہاز پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرۂ روم میں گر کر تباہ ہو گیا تھا

ازبکستان ائیر ویز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایجپٹ ایئر کے جہاز نے دارالحکومت تاشقند سے مغرب میں 600 میل دور گرکانج کے ہوائی اڈے پر مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے لینڈنگ کی۔

ایجپٹ ایئر کے چیئرمین کے مطابق انھیں ازبک حکام نے بتایا کہ لینڈ کرتے ہی جہاز کو خالی کرا لیا گیا اور تلاشی لی گئی تاہم کچھ برآمد نہیں ہوا اور اس کے بعد اسے دوبارہ پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ ہم کسی بھی وارننگ کو لازمی طور پر سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

مصری حکام کے مطابق ازبکستان میں ہنگامی لینڈنگ کے چار گھنٹے بعد پرواز نے بیجنگ کے لیے دوبارہ اڑان بھری۔