’مصری جہاز کے بلیک باکس سے سگنل ملے ہیں‘

فرانس کے تحقیق کاروں نے گذشتہ ماہ مصر کے تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے بلیک باکس سے سگنلز موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

فرانس کا بحری جہاز بحیرۂ روم میں مصر کے طیارے کو تلاش کر رہا تھا جب اسے طیارے کا بلیک باکس ملا۔

خیال رہے کہ ایجپٹ کی ایئر بس اے 320 پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے یونان کے جزیرے کیرپاتھوس کے قریب لاپتہ ہوگئی تھی۔ اس میں 66 افراد سوار تھے۔

فرانس کے بیورو آف انویسٹیگیشنز اینڈ انیلیسز کے ریمی جوٹی کا کہنا ہے کہ طیارے کے فلائیٹ ریکارڈر سے سنگل کا پتہ چلایا گیا ہے۔

فرانس کی بحریہ اب دوسرے بحری جہاز کی واپسی کا انتظار کر رہی ہے جس میں جدید آلات نصب ہیں اور جس کی مدد سے سمندر میں نظر آنے والے چیزوں کی تصاویر لی جائیں گی۔

مصری تفتیش کاروں نے پہلے رپورٹ دی تھی کہ فرانسیسی بحری جہاز کو ملبے کی جگہ سے سگنلز ملے تھے جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی آلے سے نکل رہے تھے۔

فرانس کے حکام نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ موصول ہونے والے سگنلز طیارے کی ہنگامی بیکن سے ملے تھے تاہم ان کا بعد میں کہنا تھا کہ یہ سگنلز نئے نہیں تھے۔

مصر کے تباہ ہونے والے طیارے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔