صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش مسترد کر دی

مسٹر ٹرمپ نے لندن کے نو منتخب میئر کے خدشات پر انھیں اپنی تجویز سے مستثنی قرار دیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمسٹر ٹرمپ نے لندن کے نو منتخب میئر کے خدشات پر انھیں اپنی تجویز سے مستثنی قرار دیا

برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے وہ مستثنیٰ ہوں گے۔

صادق خان نے کہا: ’یہ صرف میری حد تک نہیں ہے۔ یہ میرے دوست، خاندان اور دنیا بھر میں ان سب لوگوں کے بارے میں ہے جو میرے سے ملتے جلتے پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔‘

صادق خان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام کے بارے میں کم علمی پر مبنی خیالات ’ہم دونوں کے ممالک کو کم محفوظ بنا سکتے ہیں۔‘

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے لندن کے نومنتخب میئر مستثنیٰ ہوں گے۔

اپنے عقیدے کے سبب صادق خان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ اگر ٹرمپ امریکہ کے صدر بن جاتے ہیں تو وہ امریکہ نہیں جا سکیں گے۔

پیرس حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی کی بات کہی تھی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپیرس حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی کی بات کہی تھی

گذشتہ سال پیرس میں حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ مسلمانوں کا امریکہ میں داخلہ بند کر دیا جائے۔ ’ہر چیز میں استثنیٰ ہوتا ہے۔‘

ان کی عارضی پابندی کی وسیع پیمانے پر تنقید ہوئي تھی لیکن ٹرمپ اپنی تجویز پر قائم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کی سکیورٹی کے لیے ضروری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: ’میں خوش ہیں کہ صادق خان لندن کی سربراہی کریں گے۔ اگر وہ اچھا کام کرتے ہیں اور صاف طور پر کہوں کہ اگر وہ بڑا کام کرتے ہیں تو یہ بڑی بات ہوگی۔‘

خیال رہے کہ پاکستان سے ترک وطن کرنے والے کے بیٹے صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔

لیبر پارٹی کے صادق خان نے زیک گولڈسمتھ کو شکست دی۔ انھیں 13 لاکھ دس ہزار 143 ووٹ ملے جبکہ ان کے مخالف ٹوری پارٹی کے زیک گولڈسمتھ کو نو لاکھ 94 ہزار 614 ووٹ ملے۔

صادق خان نے ٹائم ميگزن سے بات کرتے ہوئے کہا تھا: ’میں امریکہ جانا چاہتا ہوں اور امریکہ کے میئروں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں تو مجھے میرے عقیدے کی وجہ سے وہاں جانے سے روک دیا جائے گا۔‘

انھوں نے کہا: ’مجھے امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست امریکہ پر حاوی نہیں ہوگي۔‘