پناہ گزینوں کے شیلٹر میں آتشزدگی پر مقامی افراد خوش

کچھ لوگوں نے آگ بجھانے والے عملے کو آگ پر قابو پانے سے روکنے کی کوشش بھی کی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکچھ لوگوں نے آگ بجھانے والے عملے کو آگ پر قابو پانے سے روکنے کی کوشش بھی کی

جرمن پولیس کے مطابق ملک کے مشرقی علاقے میں پناہ گزینوں کے لیے بنائی گئی ایک عمارت میں آگ لگنے پر مقامی لوگوں نے تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

بضطان کے شہر میں واقع ایک سابق ہوٹل کی اس عمارت کو پناہ گزین کی رہائش کے لیے تیار کیا جا رہا تھا جب اس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث عمارت کی چھت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق کچھ لوگوں نے آگ بجھانے والے عملے کو آگ پر قابو پانے سے روکنے کی کوشش بھی کی۔

حکام نے کہا ہے کہ آگ لگنے پر خوشی کا اظہار اور فائر برگیڈ کے عملے کے کام میں مداخلت کرنے والے مجرم ہیں۔

آگ لگنے کی وجہ ابھی واضح نہیں اور انتہا پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے جرائم کی تحقیقات کرنے والے تفتیش کار اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ہی اسی طرح کے ایک اور واقعے میں پناہ گزین کی جرمنی آمد سے ناخوش مقامی افراد نے پناہ گزین کی بس کا راستہ روک کر نعرہ بازی کی تھی۔

یہ لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ پناہ گزین کو جرمنی میں پناہ نہ دی جائے۔