روس کی جنگی جرائم کے الزامات کی تردید

،تصویر کا ذریعہAFP
روس نے شام میں ہسپتالوں پر بمباری کے واقع کے بعد لگنے والے جنگی جرائم کے الزامات کی شدت سے تردید کی ہے۔
روسی ایوان صدر کرملن کے ترجمان دمتری پیسکو نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جو اس ضمن میں بیانات دے رہے ہیں اور وہ ان الزامات کو ثابت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
شام کے شمالی علاقے میں پیر کو فضائی حملوں میں ایک سکول اور چار ہسپتالوں کو نشانہ بنایاگیا تھا جس میں پچاس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
فرانس اور ترکی نے ان حملوں کو جنگی جرم قرار دیا تھا۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے ان حملوں کی ذمہ داری روسی فضائیہ پر عائد کی تھی۔
ترکی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا تھا کہ وہ شام میں زمینی کارروائی کی حمایت اور معاونت کرے گا لیکن صرف اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ۔
اس سرکاری اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ ترکی کی طرف سے شام میں یکطرفہ کارروائی نہیں کی جائے گی۔
شام میں پیر کو ہونے والے فضائی حملوں میں ترکی کی سرحد کے قریب واقع اعزاز کے قصبے میں دو سکول اور ہسپتالوں کو اور مرآۃ النعمان میں دو مزید ہسپتالوں کو نشانہ بنایاگیا تھا۔
مرآۃ النعمان میں واقع ہپستال فرانسیسی طبی تنظیم میدیسان سان فرنتیر کے زیرِ انتظام چلایا جا رہا تھا۔ تنظیم نے ہسپتال پر حملے کو دانستہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







