سعودی عرب میں حملہ آور نے ’چھ ملازمین‘ کو قتل کر دیا

،تصویر کا ذریعہTwitter Al Riyadh TV
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبے جازان میں واقع محکمہ تعلیم کے ایک دفتر میں ایک حملہ آور نے چھ ملازمین کو فائرنگ سے ہلاک کر دیا ہے۔
یمن کی سرحد کے قریب ’اد دیر‘ کے علاقے میں ہونے والے حملے میں دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس حملے کی وجہ اب تک ظاہر نہیں کی گئی ہے اور سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ حملے کی نوعیت کو فوجداری حیثیت سے لے رہا ہے۔
مشتبہ فرد کی شناخت نہیں کی گئی ہے لیکن ملک کے سرکاری چینل ’الاخباریہ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کہا ہے کہ حملہ آور محکمہ تعلیم میں ملازم نہیں تھا لیکن وہ ادارے کے ساتھ کسی قسم کا کام کر رہا تھا۔
پہلے آنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ حملہ آور ایک استاد تھا۔
سعودی عرب میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات بہت کم پیش آتے ہیں لیکن حال ہی میں ملک نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے حملوں کا سامنا کیا ہے۔
سعودی عرب یمن میں شعیہ حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کی قیادت کر رہا ہے جس کے بعد خطے میں حالیہ مہینوں میں تشدد بڑھا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







