تیل کی قیمتوں میں اضافےسے ایشیائی بازار حصص میں بہتری

،تصویر کا ذریعہepa
تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ایشیا بھر میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کچھ بحال ہوا ہے اور توانائی کے حصص میں اضافہ ہوا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں 8.3 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ویسٹ ٹیکسس خام تیل کی قیمت میں 9.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
آسٹریلیا کی سٹاک انڈیکس میں توانائی سے تعلق رکھنے والے حصص میں اضافے کے باعث 2.13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
آسٹریلیا کی سٹاک ایکسچینج میں ریو ٹنٹو کے حصص میں نو فیصد، بی ایچ پی کے حصص میں آٹھ فیصد اور سینٹوس کے شیئرز میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ تیل کی گرتی قیمتوں کے باعث گذشتہ دو روز سے ایشیا کی مارکیٹس پر منفی اثرات پڑے۔
دوسری جانب ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج میں 1.16 فیصد جبکہ شنگھائی ایکسچینج میں 1.3 فیصد تیزی آئی۔
اسی طرح جنوبی کوریا کی ایکسچینج میں 1.26 فیصد اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ رواں ماہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 28 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل اوپیک کے سیکریٹری جنرل عبداللہ البدری نے کہا تھا کہ اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کو قیمتوں میں اضافے کے لیے طلب سے زیادہ پیدوار کے مسئلے سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے لندن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ’بازار کو ضرورت ہے کہ زیادہ سٹاک کے مسئلے کو حل کرے، گذشتہ رجحانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ ضرورت سے زیادہ سٹاک کم ہوتا ہے تو قیمتوں میں اضافہ شروع ہو جاتا ہے۔‘







