یورپ: 10 ہزار پناہ گزین بچے لاپتہ

،تصویر کا ذریعہGetty
یورپی یونین کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران یورپ پہنچنے والے دس ہزار پناہ گزین بچے گم ہو گئے ہوں۔
یورو پول نامی یورپ کی پولیس انٹیلیجنس یونٹ کے مطابق کئی ہزار بچے جو حکام کے ساتھ رجسٹرڈ تھے اب وہ غائب ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے جرائم پیشہ افراد ان بچوں سے جبری مشقت لینے کے ساتھ ان کا جنسی استحصال بھی کر رہے ہوں۔
بچوں کے امدادی ادارے سیو دی چلڈرن کے بقول گذشہ برس 26 ہزار پناہ گزین بچے اپنے خاندانوں کے بغیر یورپ پہنچے تھے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ یورپی حکام نے بتایا ہو کہ اتنی بڑی تعداد میں پناہ گزین بچوں کے گم ہونے کا اندیشہ ہے۔
یورو پول کے سربراہ نے گارڈین اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ یہ غیر معقول اندازہ نہیں ہوگا کہ ہمیں دس ہزار بچوں کی تلاش ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ سب کے سب جرائم پیشہ افراد کے ہاتھ لگ گئے ہوں، کچھ ہو سکتا ہے کہ اپنے عزیر واقارب کے پاس چلے گئے ہوں۔ بس ہمیں پتہ نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں، کس کے ساتھ ہیں اور کیا کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل اطالوی حکام نے کہا تھا کہ 10 ہزار پناہ گزین بچے رجسٹرڈ ہونے کے بعد غائب ہو گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ برس سویڈن سے بھی ایک ہزار پناہ گزین بچوں کے غائب ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔







