’ایران اور فرانس کےتعلقات میں نیا باب ہے‘

فرانس کے وزیر خارجہ لوران فیبیئس نے ایرانی صدر حسن روحانی کا استقبال کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفرانس کے وزیر خارجہ لوران فیبیئس نے ایرانی صدر حسن روحانی کا استقبال کیا

ایران کے صدر حسن روحانی نے فرانس کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے اپنے دورہ فرانس کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ’نیا باب‘ قرار دیا ہے۔

صدر حسن روحانی کو امید ہے کہ فرانس کے ساتھ کئی معاہدے طے پا جائیں گیں جن میں فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کے ساتھ ایک سو طیاروں کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

دریں اثنا فرانسیسی گاڑیاں بنانے والی کمپنی پوژو کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مشترکہ طور پر 436 ملین ڈالر کا کاروبار لگانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی ایران کے جوہری پروگرام پر سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد یورپ کے دورے پر ہیں۔

فرانس کے دورے کے دوران ایرانی صدر اپنے ہم منصب فرانسوا اولاند سے بھی ملاقات کریں گے۔

حسن روحانی کا بطور ایرانی صدر اٹلی اور فرانس کا پانچ روزہ دورہ تقریباً دو دہائیوں میں کسی بھی ایرانی صدر کا پہلا دورہ ہے۔

حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ’فرانس اور ایران کے لیے تعلقات کو بڑھانے کے لیے وقت سازگار ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ مصالحتی میز پر منطق اور دانائی کے ساتھ سفارت کاری بہت موثر ہو سکتی ہے اور مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

’آج ہم پابندیوں کے بعد کے دورہ کا بھر پور استعمال کر سکتے ہیں۔‘

دوسری جانب فرانس کے وزیر اعظم مینیول ویلس کا کہنا تھا کہ انھیں امید تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت، زراعت اور ماحولیات پر معاہدے طے پائیں گے۔

ماضی میں ایران پر پابندیوں کی وجہ سے کمرشل فضائی سفر محدود ہونے کے بعد اب ایران کو آئندہ کچھ برسوں میں سینکڑوں نئے طیاروں کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ اپنے کمرشل فضائی سفر میں بہتری لا سکے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایئر بس کے ساتھ معاہدے کے تحت آئندہ چار سالوں میں ایران کو ایک سو طیارے مل جائیں گے۔