روس میں نئے سال کا تحفہ: پوتن کے اقوال

،تصویر کا ذریعہAFP
اطلاعات ہیں کہ روس میں سرکاری حکام کو روس کے صدر ولادی میر پوتن کی ’پیش گوئیوں‘ پر مشتمل 400 صفحات کی کتاب نئے سال کے تحفے کے طور پر دی گئی ہے۔
خبررساں ادارے ’آر بی کے‘ کے مطابق ’الفاظ جنھوں نے دنیا بدل دی‘ کے عنوان سے شائع کردہ کتاب کو صدر پوتن کے قریبی ساتھی یچیاسلاف ولودِن کی جانب سے ایک ہزار افسران کو بھجوایا گیا ہے۔
کتاب کے تحفے سے استفادہ کرنے والوں میں اراکین پارلیمان، علاقائی گورنر اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہیں۔ تحفے کے ساتھ ارسال کردہ خط میں ولودِن نے کہا ہے کہ اِس کتاب کو کریملن کی ’اقدار اور رہنما اصولوں‘ کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اُنھوں نے حال ہی میں ہونے والے اہم اجلاس میں اِس کتاب کو ’سیاست دانوں کو ضرور پڑھنے‘ کے لیے بھی سفارش کی تھی۔
کتاب میں پوتن کی 19 تقاریر بھی شامل ہیں اور اُن کے کلیدی الفاظ کو واضح کیا گیا ہے۔
اِس کتاب میں سنہ 2007 میں جرمنی کے شہر میونخ میں کی گئی صدر پوتن کی تقریر بھی موجود ہے، جس میں اُنھوں نے عالمی نظام پر غلبہ حاصل کرنے کی کوششوں میں امریکہ پر آفات اور سانحات کرانے کا الزام لگایا تھا۔
اِس کتاب میں اُن کا سنہ 2014 میں روس کے اراکین پارلیمان سے وہ خطاب بھی شامل ہے، جس میں اُنھوں نے بھر پور طریقے سے کرائمیا کے الحاق کا دفاع کیا تھا۔
اِس کتاب کی طباعت و اشاعت کریملن کے حمایت یافتہ نوجوانوں کی تنظیم نے کی ہے۔ تنظیم کے ایک رکن اینٹن ولودِن نے ’آر بی کے‘ کو بتایا کہ ’ہم نے یہ بات محسوس کی ہے کہ پوتن جو بھی بات کرتے ہیں وہ کہیں نہ کہیں سچ نکلتی ہے، اور پوتن کے الفاظ کو پیش گوئی کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن کریملن نے اِس عمل سے اپنے آپ کو دور رکھا ہے۔ پوتن کے سرکاری ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے اِس کتاب کے بارے میں کچھ نہیں سنا اور اِس وجہ سے وہ اِس بارے میں کسی سوال کا جواب نہیں دے سکتے۔
اِس مہینے کے اوائل میں روس میں ولادی میر پوتن کی تھیم والا سنہ 2016 کا کیلنڈر سامنے آیا ہے، جس میں اُنھیں بحریہ کی وردی میں ملبوس، ہاتھوں میں پھول تھامے، مچھلی پکڑتے وقت کھلے سینے کے ساتھ، اور کتے کے ساتھ پیار کرتے سمیت مختلف مناظر میں دکھایا گیا ہے۔ ہر تصویر کے ساتھ پوتن کے فرمودات موجود ہیں۔







