تنہائی سے تنگ جوڑے نے پولیس بلا لی

برطانوی شہر مانچسٹر کی پولیس نے ایک عمر رسیدہ جوڑے کے گھر جا کر ان کے ساتھ چائے پی کیونکہ ان کے بقول وہ بہت تنہا محسوس کر رہے تھے۔
مڈلٹن کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 95 برس کے فریڈ ٹامسن اور ان کی اہلیہ ڈورس نے ایک ہنگامی ہیلپ لائن پر فون کر کے کہا کہ وہ بہت تنہا محسوس کر رہے ہیں۔
ان کے رابطے کے بعد گریٹر مانچسٹر پولیس نے اپنے دو پولیس اہلکاروں کو ان سے ملنے کے لیے ان کے گھر بھیجا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس مڈلٹن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انھوں نے لکھا: ’ہم ایک 95 برس کے میاں بیوی سے مل کر آ رہے ہیں جنھوں نے تنہا محسوس کرنے پر پولیس کو فون کیا تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
انھوں نے مزید لکھا: ’ان کے ساتھ بیٹھ کر چائے پینے کے علاوہ ہم کیا کر سکتے تھے۔‘
ٹامسن نے کہا کہ وہ پولیس اہلکاروں کے دورے سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ انھیں ایسے لگتا ہے جیسے کہ ان کا گھر ’سب سے علیحدہ ہو گیا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی کو آپ کی پروا نہیں ہے۔ پولیس اہلکاروں نے معمولی چیزوں کے بارے میں بات کی لیکن ہمارے گھر آ کر انھوں نے دکھایا ہے کہ وہ ہمارا خیال کرتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

پولیس اہلکار سٹو آکول اور اینڈی رچرڈسن نے عمر رسیدہ جوڑی کے ساتھ 30 منٹ گزارے اور ان کے ساتھ چائے پی۔
جب دونوں اہلکاروں سے پوچھا گیا کہ کیا پولیس کو ان طرح کی درخواستوں کو اپنا وقت دینا چاہیے تو آکول نے کہا: ’یہ میرے لیے روز مرہ کی ڈیوٹی کے برابر ہے۔‘
اینڈی رچرڈسن نے کہا ’ہمیں جرم کے خلاف لڑنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کا خیال بھی رکھنا چاہیے۔‘
لوگوں نے ٹوئٹر پر مانچسٹر پولیس کی ستائش کی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک شخص نے لکھا: ’گریٹر مانچسٹر پولیس نے کمال کا کام کیا ہے۔ مجھے یہ سوچ کر اتنا افسوس ہوتا ہے کہ عمر رسیدہ لوگ اتنے تنہا ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ آپ جیسے لوگ ان کا خیال کرتے ہیں۔‘







