تاجکستان میں خطرے کی گھنٹیاں بجنےلگیں

تاجکستان اور افغانستان کے درمیان 1400 کلو میٹر طویل سرحد ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنتاجکستان اور افغانستان کے درمیان 1400 کلو میٹر طویل سرحد ہے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری ان خدشات کے درمیان ازبکستان میں ایک علاقائی اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں کہ کہیں افغانستان میں جاری لڑائی پھیل کر ہمسایہ مرکزی ایشیائی ممالک تک نہ جا پہنچے۔

تاجکستان سے بی بی سی کے نامہ نگار خیروالفیض کے مطابق افغانستان تاجکستان سرحد پر واقع پیانجی پویون کراسنگ پر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔

سبز وردیوں میں دو جوان سرحدی گارڈ گرد آلود سڑک کے دونوں جانب ایک سرخ اور سفید رنگ کے ایک رکاوٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دریائے امو جو افغانستان اور تاجکستان کو الگ کرتا ہے کے کناروں پر خاردار تار کی باڑ لگی ہوئی ہے۔

افغانستان کی جانب چند گودام صاف دکھائی دے رہے ہیں اور کچھ فاصلے پر ایک مسجد کا نیلا گنبد دھوپ میں چمک رہا ہے۔

ایک برس قبل اس مقام پر سرحد پار کرنے کے لیے ٹرکوں کی قطاریں ہوا کرتی تھیں۔ لیکن اب یہ جگہ تقریباّ ویران پڑی ہے۔

افغانستان تاجکستان سرحد پر واقع پیانجی پویون کراسنگ پر موجود تاجک گارڈز

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنافغانستان تاجکستان سرحد پر واقع پیانجی پویون کراسنگ پر موجود تاجک گارڈز

افغانستان کی جانب تقریباّ 70 کلومیٹر اندر اکتوبر کے اوائل سے گھمسان کی جنگ جاری ہے جب طالبان نے کچھ عرصے کے لیے قندوز شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

ایک تاجک سرحدی گارڈ نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ’رات کے وقت آپ دوسری جانب سے فائرنگ کی آواز سن سکتے ہیں۔ ہم ہر وقت ہائی الرٹ کی حالت میں رہتے ہیں۔

سرحد پار افغانستان میں جنگ کوئی نئی بات نہیں لیکن حالیہ لڑائی میں ایک ایسا نیا عنصر ہے جس نے مرکزی ایشیا اور روس میں خطے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ مرکزی ایشیائی عسکریت پسندوں کی ایک بڑی تعداد قندوز میں طالبان کے ہمراہ لڑائی میں شامل ہے۔

شمالی افغانستان میں جنگ کے باعث افغانستان اور مرکزی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کو نقصان پہنچا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنشمالی افغانستان میں جنگ کے باعث افغانستان اور مرکزی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کو نقصان پہنچا ہے

تاجک تجزیہ نگار قاسمشو اسکندروو کا کہنا ہے کہ ’افغانستان میں سینکڑوں ازبک، اویغر اور چیچن جنگجو موجود ہیں جو صرف افغانستان حکومت کے خلاف جنگ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ وہ مرکزی ایشیا اور شاید روس میں بھی لڑائی کرنا چاہتے ہیں۔‘

تاجک حکومت نے کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کےلیے 1400 کلو میٹر لمبی سرحد پر موجود سات راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

تاجک وزارت دفاع سے منسلک آمرشو حکیموو کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے افغان ساتھیوں کےساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ہمیں جب بھی کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو ہم ان سے رابطہ کر کے اسے مل کر حل کرتے ہیں۔‘

ماسکو نے بھی ردِ عمل میں دیر نہیں کی اور تاجکستان میں موجود اپنے 7000 فوجیوں کی کمک کے لیے اپنے تین فوجی اڈوں میں سے ایک پر جنگی ہیلی کاپٹر بھجوا دیے۔

تاجک وزارت دفاع سے منسلک آمرشو حکیموو کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف تاجکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنتاجک وزارت دفاع سے منسلک آمرشو حکیموو کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف تاجکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں

سرحد سے کچھ فاصلے پر ایک چھوٹے سے شہر کمسنگیر کے رہائیشی بھی پریشان ہیں۔

بازار میں ایک بوڑھے آدمی کا کہنا تھا کہ ’ایک تاجک کہاوت ہے کہ اگر تمہارے ہمسائے کا گھر پرسکون ہے تو تمہارا گھر بھی پرسکون رہے گا۔‘

مسلح بغاوت

بنیاد پرستی کا پھیلاؤ بڑی پریشانی کا سبب ہے۔

مئی کے مہینے میں تاجک سپیشل فورسز کے ایک اعلیٰ افسر کی دولت اسلامیہ میں شمولیت نے حکومت کو جنجھوڑ ڈالا تھا۔

یہ افسر شام میں موجوں سینکڑوں تاجک نوجوان جنگجوؤں سے جا ملا جن میں سے بیشتر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر اپنی وڈیوز نشر کرتے ہیں اور اپنی نئی زندگی اور فراخدلانہ تنخواہوں پر اتراتے ہیں۔

ستمبر کے مہینے میں ایک نائب وزیر دفاع نے حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کی سرکردگی کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حکام نے اس بغاوت کے ماسٹر مائنڈ ہونے اور حملہ کرنے کا الزام اب تک سنٹرل ایشیا میں سرکاری طور پر منظور شدہ واحد اسلامی پارٹی ’اسلامک ریوائیول پارٹی (آئی آر پی) پر عائد کیا تھا۔

تاجکستان میں حکام کے اس دعوے کو بیشتر نے شک کی نگاہ سے دیکھا لیکن آئی آر پی کو کچھ ہی عرصے بعد کلعدم قرار دے دیا گیا اور اس کے جوراہنما ملک سے بر وقت فرار نہ ہو سکے اب جیل میں ہیں۔

کریک ڈاؤن

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہر جگہ سوٹ میں ملبوس آئی آر پی کے اعتدال پسند رہنما موہدین کبیری کی تصاویر اخبارات کے پہلے صفحات پر چھپی ہوئی ہیں۔

اکثر انہیں ’دہشت گرد‘ لکھتے ہیں۔

تاجک اخبارات جن میں آئی آر پی کے راہ نما موہدین کبیری کو ’دہشت گرد‘ لکھا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنتاجک اخبارات جن میں آئی آر پی کے راہ نما موہدین کبیری کو ’دہشت گرد‘ لکھا گیا ہے

ٹیکسی ڈرائیور ابرور جو پارٹی کے ممبر ہیں اور چار بچوں کے والد بھی خوفزدہ ہیں کہ ان کا بھی یہی حال ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’اگر مجھے پولیس روکے تو میں خوف زدہ ہو جاتا ہوں کہ وہ مجھے دہشت گرد سمجھیں گے۔‘

آئی آر پی کی پارلیمان میں کوئی نشت تو نہیں تاہم یہ کرپشن کے خلاف اور دوسرے ممالک سے کام کی غرض سے آنے والوں کے حقوق پر آواز بلند کرنے کی وجہ سے مقبول تھی۔

کچھ تجزیہ نگاروں کو خدشہ ہے کہ اس پارٹی کو خاموش کر دیے جانے کے بعد پیدا ہونے والے خلا کو آئی آر پی سے زیادہ بنیاد پرست گروہ بھر دیں گے۔

روس کے معاشی بحران کے باعث روس میں کام کرنے والے کئی تاجک مجبوراّ واپس تاجکستان لوٹ آئے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنروس کے معاشی بحران کے باعث روس میں کام کرنے والے کئی تاجک مجبوراّ واپس تاجکستان لوٹ آئے ہیں

روس کے معاشی بحران کے باعث لاکھوں تاجک جو روس میں کام کرتے اورتاجکستان رقم بھیجتے ہیں متاثر ہوئے ہیں اور یہ بات بھی پریشانی کا سبب ہے۔

ایک صحافی نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ’کسی بھی انتہا پسند گروہ کے خیالات پھیلنے کی بڑی وجہ غربت، پولیس مظالم اور کرپشن ہے۔ جب نئی نسل کو آن لائن بنیاد پرست رجحانات کا سامنا ہوتا ہے تو کون ہے جو انھیں اس سے محفوظ رکھے یا کوئی متبادل راستہ دکھائے؟‘