دولتِ اسلامیہ کی شامی باغیوں کے گڑھ کی جانب پیش قدمی

دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے حکومت مخالف باغی گروپوں کو نہ صرف کئی دیہات سے نکال دیا ہے جبکہ ایک فوجی اڈے پر بھی قبضہ کر لیا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشندولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے حکومت مخالف باغی گروپوں کو نہ صرف کئی دیہات سے نکال دیا ہے جبکہ ایک فوجی اڈے پر بھی قبضہ کر لیا ہے

شام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے حلب کے نواح میں صدر بشار الاسد کے مخالف باغیوں کے زیرِ اثر کئی دیہات پر قبضہ کر لیا ہے۔

دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کی اس پیش قدمی کو کئی ماہ کے دوران اس گروپ کی سب سے بڑی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

<link type="page"><caption> روسی کارروائی ایران کے لیے باعثِ تقویت</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2015/10/151009_iran_russia_syria_quagmire_rh" platform="highweb"/></link>

شدت پسندوں کی جانب سے یہ کارروائی امریکہ کی زیرِ قیادت اتحاد اور روس دونوں کی جانب سے دولتِ اسلامیہ کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے دعوؤں کے باوجود کی گئی ہے۔

جمعے کو بھی روسی حکام نے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں کی بمباری سے 24 گھنٹے میں تنظیم کے 300 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

تاہم علاقے میں موجود بی بی سی کے ایک نامہ نگار کا کہنا ہے کہ بظاہر ان حملوں کا زیادہ تر نشانہ حکومت مخالف دیگر گروپ بنے ہیں اور اسی وجہ سے دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے پیش قدمی بھی کی ہے۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ جمعے کو حلب کے شمال میں پیش قدمی کے دوران دونوں جانب بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

حلب شام کا دوسرا بڑا شہر اور ملک میں باغیوں کا سب سے مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے
،تصویر کا کیپشنحلب شام کا دوسرا بڑا شہر اور ملک میں باغیوں کا سب سے مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے

تنظیم کے اہلکار عبدالرحمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دولتِ اسلامیہ نے حکومت مخالف باغی گروپوں کو نہ صرف کئی دیہات سے نکال دیا ہے جبکہ ایک فوجی اڈے پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب خود کو دولتِ اسلامیہ قرار دینے والے گروپ کے شدت پسند حلب کے شمالی کنارے سے صرف دس کلومیٹر دور ہیں جبکہ جہاں شدت پسند موجود ہیں وہاں سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر شام کی حکومتی افواج کا کیمپ ہے۔

عبدالرحمان کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے شدت پسند پہلی بار حلب کے اتنے نزدیک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور یہ ملک کے دوسرے بڑے شہر کی جانب ان کی سب سے بڑی پیش قدمی ہے۔

خیال رہے کہ حلب سے ہی بدھ کو ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے جنرل حسین ہمدانی کی ہلاکت کی خبر بھی آئی ہے۔

جنرل ہمدانی دولت اسلامیہ کے خلاف شامی فوج کے جنگی مشیر کے فرائض سرانجام دیے رہے تھے۔

ایران نے ان کی ہلاکت کا الزام دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں پر ہی عائد کیا ہے لیکن ان کی ہلاکت کن حالات میں ہوئی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔