عراق میں سلسلہ وار کار بم دھماکوں میں 63 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
عراق میں پولیس اور طبی حکام نے بتایا ہے کہ بغداد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں ہونے والے کار بم دھماکوں میں کم از کم 63 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سب سے مہلک دھماکوں میں سے ایک بغداد سے 55 کلومیٹر دور صوبہ دیالہ کے شیعہ اکثریتی قصبے خالص میں ہوا جس میں کم از کم 40 افراد مارے گئے۔
پولیس کے مطابق دارالحکومت بغداد میں بھی دو دھماکے ہوئے جن میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ملک کے جنوب مغربی شہر بصرہ سے 15 کلومیٹر دور واقع قصبے الزبیر میں بھی ایک دھماکہ ہوا جس میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دھماکوں میں سے ایک کا نشانہ شہر کا شمال مشرقی علاقے حسینیہ تھا اور اس حملے میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ دھماکے ایک ایسے دن ہوئے ہیں جب عراق میں 12 سال بعد بغداد کے سب سے قلعہ بند علاقے ’گرین زون‘ کو عوام کے لیے کھولا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے پیر کو بصرہ کے نواح میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ دیگر دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے نہیں لی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے کئی بار شیعہ علاقوں اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بصرہ میں دھماکے کی خبر سب کے لیے حیران کن تھی کیونکہ یہ شیعہ اکثریتی علاقہ ہے اور یہاں سنی شدت پسندوں کے حملہ کرنا اتنا آسان نہیں رہا جتنا کہ بغداد یا ملک کے دیگر حصوں میں ہے۔
سب سے زیادہ جانی نقصان والے دھماکے کا نشانہ بننے والا صوبہ دیالہ جزوی طور پر دولتِ اسلامیہ کے زیرِ اثر رہا ہے اور عراقی حکومت نے رواں برس جنوری میں اسے شدت پسندوں کے قبضے سے آزاد کروانے کا دعویٰ کیا تھا۔
اقوامِ متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ ماہ عراق میں تشدد، دہشت گردی اور مسلح تنازعات میں 717 افراد ہلاک اور 1200 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔







