منیٰ کے ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری

مرنے والوں میں بعض حاجیوں کا تعلق نائجر اور چاڈ سے بھی ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمرنے والوں میں بعض حاجیوں کا تعلق نائجر اور چاڈ سے بھی ہے

سعودی عرب میں حج کے دوران بھگدڑ مچنے سے مرنے والوں کی شناخت ہونا شروع ہو گئی ہے اور اب تک سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق بھگدڑ کے باعث مرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد ایرانی شہریوں کی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق ان کے 131 شہری اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں

منیٰ میں بھگدڑ سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد تو سعودی حکام نے 717 بتائی ہے لیکن اب تک صرف 184 افراد کو ہی شناخت کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بھارت کے 14 شہری بھی بھگدڑ میں مارے گئے ہیں۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا کہ جدہ میں ہندوستانی سفارت کار نے 14 شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ 13 زخمی ہیں۔

اس سانحے میں آٹھ مصری شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پاکستانی حکام نے بھی اپنے سات شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

اس کے علاوہ سینیگال کے پانچ، ترکی اور تنزانیہ کے چار، چار انڈونیشیا، نائجیریا اور کینیا کے تین، تین جبکہ ہالینڈ اور برونڈی سے تعلق رکھنے والے ایک ایک حاجی کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

مرنے والوں میں بعض حاجیوں کا تعلق نائیجر اور چاڈ سے بھی ہے تاہم ان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔