سپر ماڈل کی شادی، نو فلائی زون پر تنازع

اسرائیلی پائلٹس نے بھی سول ایوی ایشن کی جانب سے لگائے جانی والی پابندی کی مخالفت کی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناسرائیلی پائلٹس نے بھی سول ایوی ایشن کی جانب سے لگائے جانی والی پابندی کی مخالفت کی ہے

اسرائیلی کی سپر ماڈل بار رفائلی کی ایک درخواست پر ملک کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن کے درمیان تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

اسرائیلی سپر ماڈل نے سول ایوی ایشن سے درخواست کی تھی کہ ان کی شادی کے موقعے پر شمالی اسرائیل میں واقع ہوٹل کے اوپر سے کسی جہاز کو پرواز نہ کرنے دیا جائے۔

اس درخواست کو سول ایووی ایشن نے منظور کر لیا تھا۔

تاہم وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے سول ایوی ایشن کے سربراہ کو برطرف کرنے کی دھمکی دی اگر انھوں نے ہوٹل کے اوپر سے جہازوں کو پرواز کرنے سے روکا۔

اس تنازعے کے بعد یہ واضح نہیں کہ جمعرات کی شام کو جہازوں کو اس ہوٹل کے اوپر سے پرواز کرنے کی اجازت ہو گی یا نہیں۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جہاز پرواز کر سکتے ہیں جبکہ دیگر مقامی اخبارات کا کہنا ہے کہ جہازوں کو ہوٹل کے اوپر سے پرواز کی اجازت نہیں ہے۔

30 سالہ رفائلی اسرائیلی کی مشہور ترین ماڈل ہیں۔ ان کی شادی اسرائیل کے ارب پتی بزنس مین سے حیفا کے کارمل فورسٹ ریزورٹ میں ہو رہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق شادی کے موقعے پر ہوٹل پر پانچ ڈرون، دو ہیلی کاپٹر اور ایک آبمرویشن بلون پرواز کر رہے ہوں گے۔

سول ایوی ایشن نے ماڈل کی درخواست حفاظتی اعتبار سے منظور کر لی تھی۔

تاہم ٹرانسپورٹ کے وزیر نے اس فیصلے کو رد کردیا اور کہا کہ ’اسرائیلی فضائی حدود تمام اسرائیلیوں کی ہے اور ہم اس قسم کی تقریبات کے لیے کسی کو خاص رعایت نہیں دے سکتے۔‘

دوسری جانب اسرائیلی پائلٹس نے بھی سول ایوی ایشن کی جانب سے لگائے جانی والی پابندی کی مخالفت کی ہے۔

تاہم سول ایوی ایشن نے اسرائیلی وزیر کے حکم کو نہ مانتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ ہوٹل کے اوپر فضائی حدود میں جمعرات کی شام پانچ بجے سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دو بجے تک جہازوں کی پرواز پر پابندی ہے۔

اطلاعات کے مطابق وزیرِ ٹرانسپورٹ نے سول ایوی ایشن کے سربراہ کو کہا ’اگر رفائلی کی شادی کے موقعے پر ہوٹل کے اوپر فضائی حدود پر پابندی پابندی لگی تو آپ کو اس عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔‘