جاپان اور جنوبی کوریا میں دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی تقاریب

،تصویر کا ذریعہReuters
جاپان میں دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے کے 70 سال مکمل ہونے پر مختلف تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں جبکہ اسے چین اور جنوبی کوریا کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
چین اور جنوبی کوریا نے جاپان کو اس لیے تنقید کا نشانہ بنایا ہے کیونکہ اس نے دوسری جنگِ عظیم کے دوران اپنے کردار پر مناسب طریقے سے تعصف کا اظہار نہیں کیا۔
ٹوکیو میں سنیچر کو ایک تقریب میں وزیر اعظم شنزو آبے اور بادشاہ اکیہیتو نے شرکت کر کے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اس سے پہلے جمعے کو جاپانی وزیرِ اعظم شنزو آبے نے دوسری جنگِ عظیم کے متعلق جاپان کے کردار پر ’شدید رنج و الم‘ کا اظہار کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAP
تاہم جنوبی کوریا کی صدر پارک گوئن ہائی نے جاپانی وزیرِ اعظم کے ریمارکس کو ’بہت سی ضروری باتیں چھوڑ دیں‘ قرار دیا۔
انھوں نے سیول میں سنیچر کو ملک کی آزادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ابے نے ’بہت سے چیزیں جو انھیں کہنی چاہیے تھیں چھوڑ دیں۔‘
انھوں نے جاپان کی جانب سے پڑوسی ممالک پر جنگ کے دوران کی جانے والی زیادتیوں کے لیے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے کہا: ’تاريخ پر کبھی بھی پردہ نہیں ڈالا جاسکتا۔ تاریخ اپنے شاہدین اور واضح شواہد کے ساتھ زندہ رہتی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے جاپان سے ’کمفرٹ وومن‘ کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ جنگ کے زمانے میں قبحہ خانوں میں جاپانی فوجیوں کے لیے ایشیائی خاتون کو جنسی غلاموں کے طور پر زبردستی رکھا جاتا تھا۔
واضح رہے کہ چین اور جنوبی کوریا کو دوسری جنگِ عظیم کے دوران جاپان کے قبضے کے نتیجے میں بہت زیادہ نقصانات اٹھانے پڑے تھے۔ ان دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ جاپان کے وزیر اعظم کو ’مزید سنجیدہ بیان‘ دینا چاہیے۔
دوسری جانب شنزو آبے نے جنگ عظیم کی زیادتیوں پر پھر سے معافی مانگنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کی آنے والی نسل کو جنگ کے دوران ملک کے کردار پر ’طے شدہ معافی مانگنے‘ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

،تصویر کا ذریعہEPA
شنزو آبے رواں سال متنازع یاسوکونی جنگی قبرستان کا دورہ نہیں کریں گے تاہم وہاں اس سلسلے میں روایتی تقریب منعقد ہوگي۔
رکن پارلیمان اور ابے کی مشیر کوئیچی ہاگوئیڈا نے اس قبرستان کا دورہ کیا اور وزیر اعظم کی جانب سے کیش رقم کا نذرانہ پیش کیا۔
انھوں نے کہا: ’میں نے ان روحوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے ماضی کی جنگ میں اپنی جانوں کی قربانی دی۔‘
چین اور جنوبی کوریا اس قبرستان پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ اس میں جاپان کی جنگ میں مرنے والوں کے ساتھ اظہار عقیدت کے علاوہ ان رہنماؤں کی بھی تعظیم کی جاتی ہے جنھیں بعد میں جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
اس موقعے پر جہاں ماضی میں ہونے والی جنگی زیادتیوں کا ذکر ہوگا وہیں ’خطے میں جاری کشیدگی‘ کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
ادھر اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا کے ہزاروں باشندے سنیچر کو جاپان کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔ گذشتہ ہفتے ایک کوریائی شخص نے سیول میں جاپانی سفارت خانے کے سامنے خود سوزی کر لی تھی۔
دوسری جانب شمالی کوریا میں جاپان کے نوآبادیاتی دور سے نکلنے کی علامت کے طور پر گھڑیوں کو مقامی وقت کے حساب سے 30 منٹ پیچھے کر لیا گیا۔
خیال رہے کہ سنہ 1995 میں جاپان کے وزیر اعظم تومی ایچی مورایاما نے جاپان کے نوآبادیاتی دور اقتدار اور جارحیت کے لیے ’تاریخی معافی‘ مانگی تھی اور دس سال بعد ان کے بیان کو اپنے وقت کے وزیر اعظم جونیچيرو کوئیزومی نے دہرایا تھا۔







