نائجیریا میں ریستوران اور مسجد میں دھماکے، 44 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
افریقی ملک نائجیریا کے وسطی شہر جوز میں حکام کا کہنا ہے کہ دو بم دھماکوں میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ دھماکے اتوار کی شب ایک ریستورن اور ایک مسجد میں ہوئے۔
تاحال کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم جوز ماضی میں بھی شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔
بوکوحرام کے شدت پسند ملک کے شمال مشرقی علاقے میں زیادہ سرگرم ہیں۔
ان ہلاکتوں کے بعد ملک میں گذشتہ چند دنوں کے دوران پرتشدد واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔
یاد رہے کہ نائجیریا میں بوکو حرام کی مسلح بغاوت میں سنہ 2012 سے اب تک 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تشدد کی یہ لہر اب پڑوسی ممالک نائجر، چاڈ اور کمیرون تک پھیل چکی ہے۔
گذشتہ سال اکتوبر میں حکومت نے بوکوحرام سے جنگ بندی کے معاہدے کی بات کی تھی لیکن بوکو حرام نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔




