بحرین: 56 شہریوں کی شہریت منسوخ

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY IMAGES
بحرین میں ملک کے مختلف مقامات پر مبینہ طور پر دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 57 شیعہ شہریوں کو جیل کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ ان میں سے ایک کے علاوہ باقی تمام کی شہریت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے بی این اے کے مطابق اس گروہ نے سعودی سفارت خانے سمیت ملک کے مختلف اہم اور حساس مقامات کے ساتھ ساتھ پولیس کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔
بحرین میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس ’غیر منصفانہ مقدمے‘ اور سزاؤں کی مذمت کی ہے۔
خلیجی ریاست میں سنہ 2011 سے شروع ہونے والے شیعہ اتحادیوں کے احتجاجی سلسلے کے بعد سے انتہائی بے چینی پائی جاتی ہے۔
گلف ڈیلی نیوز کے مطابق اس گروہ کے نشانے پر جو مقامات تھے ان میں منامہ میں سعودی سفارت خانے اور بحرین اور سعودی عرب کو ملانے والی اہم شاہ فہد شاہراہ شامل تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY IMAGES
عدالت نے دعویٰ کیا ہے کہ شیعہ حزب مخالف کی تنظیم ال وفاق اور کالعدم جماعت ال وفا ان افراد کی مالی مدد کر رہی تھیں۔
بحرین کی دو انسانی حقوق کی تنظیموں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجرم قرار دیے جانے والے افراد میں سے نو افراد کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔
امیریکنز فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے حسین عبداللہ کا کہنا ہے کہ’بحرین کی سیاسی عدالتیں غیر منصفانہ جیل کی سزاؤں سے بحرین کی پوری نسل کے حقوق ضبط کر رہی ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ جنوری میں بحرین ملکی امن و امان خراب کرنے کے الزام میں 72 افراد کی شہریت منسوخ کر چکا ہے۔







