بحرین: حزبِ مخالف کے رہنما پر تشدد بھڑکانے کا الزام

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY

بحرین میں حزبِ اختلاف کی مرکزی تنظیم الوفاق کے رہنما شیخ علی سلمان کا زیرِ حراست ریمانڈ لے لیا گیا ہے۔ ان پر حکومت کے خلاف تشدد اور نفرت بھڑکانے کا الزام ہے۔

اٹارنی جنرل نائف یوسف محمد نے کہا کہ الوفاق کے سربراہ اس وقت تک زیرِ حراست رہیں گے جب تک پراسیکیوٹر تفتیش مکمل نہیں کر لیتے۔

شیخ سلمان کو ان کے حالیہ بیانات کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

شیخ سلمان کی گرفتاری کی خبر آنے کے بعد بحرین کے شیعہ اکثریت والے کئی علاقوں میں احتجاج شروع ہو گیا۔

حزبِ مخالف کی سرکردہ رہنما مریم الخواجہ نے کہا ہے کہ یہ اقدام بحرین میں جاری بحران میں مزید اضافہ کرے گا۔

پیر کی شب اٹارنی جنرل نے کہا کہ شیخ سلمان کی حالیہ تقاریر اور بیانات کو جانچنے کے بعد یہ لگتا ہے کہ انھوں نے ’تشدد اور نفرت بڑھانے سے لے کر ریاست کے خلاف ملٹری فورس کی دھمکیاں دی ہیں جن میں خطے میں کارروائیاں کرنے والے دیگر مسلح گروہوں کی طرف سے استعمال کیے جانے والے طریقوں کا آپشن بھی شامل ہے۔‘ انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔

اپنے ایک بیان میں الوفاق کا کہنا تھا کہ حکام بحران کا ’ کوئی سیاسی حل ڈھونڈنے اور شہریوں کے خلاف انتہائی سخت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کی بجائے واپس پولیس سٹیٹ بنانے کی طرف جا رہے ہیں۔‘

شیخ سلمان کی گرفتاری کے بعد بحرین میں کئی جگہ احتجاج شروع ہو گیا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنشیخ سلمان کی گرفتاری کے بعد بحرین میں کئی جگہ احتجاج شروع ہو گیا

اس سے پہلے الوفاق نے کہا تھا ’یہ گرفتاری ایک خطرناک اور غیر قانونی اقدام ہے جو ملک میں سیاسی اور سیکیورٹی کی صورت حال کو مزید خراب کر سکتی ہے۔‘

جب اس گرفتاری کا اعلان کیا گیا تو منامہ میں شیخ علی سلمان کے گھر کے باہر ان کے حامیوں اور سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

شیخ علی سلمان نے جمعے کو دارالحکومت منامہ میں ہزاروں شیعہ مظاہرین کے ساتھ مل کر احتجاج کیا تھا۔

بحرین کی سنّی حکومت کے خلاف شیعہ برادری کا احتجاج تین برس سے جاری ہے اور اس دوران ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مشرقِ وسطی میں بی بی سی کے ایڈیٹر سبیسٹیئن اُوشیر کا کہنا ہے کہ شیخ علی سلمان سے کی جانے والی پوچھ گچھ میں امکان ہے کہ الوفاق کی قانونی حیثیت پر سوالات کیے گئے ہوں جس پر گذشتہ ماہ پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سنی حکمرانوں اور شیعہ اکثریت کے درمیان کشیدگی اور تنازعات ہمیشہ سے قائم ہیں۔

49 سالہ شیخ علی سلمان حزبِ اختلاف کے گروہ کے چوتھی مرتبہ سربراہ مقرر ہوئے ہیں۔

بحرین میں حکومت کی جانب سے سیاسی اصلاحات کے اعلان کے ایک سال بعد تنظیم الوفاق سنہ 2002 میں قائم ہوئی تھی۔