آسٹریلین جہادیوں کی شہریت ختم ہو سکتی ہے

حکومت جلد ہی ایسی قانون سازی کرے گی جس کے تحت عراق یا شام میں لڑنے والوں کی آسٹریلین شہریت ختم کر دی جائے گی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحکومت جلد ہی ایسی قانون سازی کرے گی جس کے تحت عراق یا شام میں لڑنے والوں کی آسٹریلین شہریت ختم کر دی جائے گی

آسٹریلیا میں نئے حکومتی قوانین کے تحت دہشت گرد تنظیموں میں شامل کم از کم 50 آسٹریلوی باشندوں کو شہریت سے محروم کیا جا سکتا ہے۔

حکومت جلد ہی ایسی قانون سازی کرے گی جس کے تحت عراق یا شام میں لڑنے والوں کی آسٹریلین شہریت ختم کر دی جائےگی۔

سنہ 2014 کے وسط سے دولت اسلامیہ میں شامل آسٹریلوی شہریوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم ٹونی ایبٹ کا کہنا ہے کہ یہ قانون جون میں پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور یہ ’دہشت گردی سے نمٹنے سے متعلق ہے۔‘

منگل کو کینبرا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’ہمیں ان کی جانب سے بڑھتا ہوا خطرہ محسوس ہو رہا ہے جو ہم میں ہی موجود ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کم از کم 100 آسٹریلین شہری مشرق وسطیٰ میں میں لڑ رہے ہیں اور ان میں سے تقریباً نصف دہری شہریت کے حامل ہیں۔

اس کے علاوہ مزید 150 افراد آسٹریلیا میں ایسی تنظیموں کی حمایت کر رہے تھے جبکہ آسٹریلیا کی انٹیلی جنس ایجنسی اے ایس آئی او دہشت گردی سے متعلق 400 سے زائد مقدمات کی تفتیش کر رہی ہے۔

وزیراعظم ایبٹ کا کہنا ہے کہ ’ملکی سلامتی کے حوالے سے یہ سب سے بڑا چیلنج ہے جس کا سامنا ہم اپنی زندگیوں میں کر رہے ہیں۔‘

حکام مشرق وسطیٰ کے شورش زدہ علاقوں سے واپس آنے والوں کے ساتھ ساتھ ان کو اور ان کی سرگرمیوں کی حمایت کرنے والوں کی وجہ سے مقامی سکیورٹی پر اثرات کے بارے میں بھی تشویش زدہ ہیں۔

حالیہ چند ماہ میں آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنحالیہ چند ماہ میں آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے ہیں

آسٹریلیا میں بیرون ملک جا کر لڑنے کی منصوبہ بندی کے شبے میں پاسپورٹ ضبط کرنے کا قانون موجود ہے۔ تقریباً 100 پاسپورٹ قومی سلامتی کی بنیاد پر منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم ٹونی ایبٹ کا کہنا تھا کہ حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی غیر ریاستی نہ بنے اور شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ عدالتی جانچ کے تحت کیا جائے۔

شہریت سے قطع نظر دہشت گردی میں ملوث افراد کو قید کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے پاس آسٹریلین شہریت نہیں ہو گی تو انھیں ملک سے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔ لیکن کوئی بھی اپنی شہریت کسی جرم میں مجرم قرار دیے جانے بغیر بھی محروم ہو سکتا ہے۔

اس قانون میں دوسری نسل سے تعلق رکھنے والے آسٹریلین شہریوں کے لیے بھی کچھ حصے ہو سکتے ہیں کیونکہ حکومت اس امر کی جانب توجہ دے رہی ہے کہ وہ افراد جو کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں لیکن ان کے پاس اس ملک کی شہریت نہیں ہے تو کیا انھیں بھی شہریت سے محروم کیا جا سکتا ہے۔