کولمبیا میں مٹی کا تودہ گرنے سے 56 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
کولمبیا میں شدید بارشوں کے بعد مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 56 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ تودہ ملک کے شمال مغربی صوبے اینٹيوكيا میں گرا اور حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
تودہ گرنے کی وجہ شدید بارشوں کے بعد لیبوریانا نامی دریا میں آنے والا سیلاب قرار دی جا رہی ہے۔
یہ قدرتی آفت پیر کی صبح آئی اور سانتا مارگريٹا نامی گاؤں اس کا براہِ راست نشانہ بنا۔
اطلاعات کے مطابق تودے کی زد میں آ کر یہ گاؤں مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔
اینٹيوكيا کے گورنر سرگيو فجاردو نے ٹویٹ کرتے ہوئے اسے المیہ قرار دیا اور کہا کہ ’ہنگامی ٹیمیں فوراً روانہ کر دی گئی ہیں۔‘
حکام کا کہنا ہے اب تک اس واقعے میں 30 خاندانوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 56 ہلاکتوں کے علاوہ 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
امدادی محکمے کے سربراہ نے مرنے والوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امدادی سرگرمیوں میں مدد دینے کے لیے کولمبیا کی بری اور فضائی فوج کی مدد بھی لی گئی ہے اور 160 فوجی متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔
متاثرہ علاقے سے اب تک 100 کے قریب افراد کو محفوظ علاقے میں منتقل کیا گیا ہے۔
کولمبیا کے صدر جوان مینوئل سانتوس بھی تباہی کا اندازہ لگانے کے لیے متاثرہ علاقے کا دورہ کر رہے ہیں۔







