یوکرین سے جنگ بندی کا معاہدہ ابھی پورا نہیں ہوا

امید کی جا رہی ہے کہ جان کیری روس کے حزب اختلاف کے رہنما کے قتل کے معاملے میں بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کریں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنامید کی جا رہی ہے کہ جان کیری روس کے حزب اختلاف کے رہنما کے قتل کے معاملے میں بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کریں گے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے مشرقی یوکرائن میں روس کے حامی علیحدگی پسندوں پر جنگ بندی کے معاہدے پر ٹکڑوں میں عمل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ باغی صرف مخصوص علاقوں سے بھاری ہتھیار واپس لے کر جا رہے ہیں۔

دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے سلسلے میں ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے۔

یوکرین اور باغی دونوں کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے کے تحت بھاری ہتھیار اگلی صفوں سے ہٹا رہے ہیں۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری یوکرین میں انسانی حقوق کی پامالی پر اقوام متحدہ کی رپورٹ جاری ہونے سے قبل جینیوا میں اپنے روسی ہم منصب سے یوکرین کے بحران پر بات چیت کی۔

واضح رہے کہ یہ بات چیت اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ جاری ہونے سے قبل ہوئی جس میں یوکرین کی فوج اور روس نواز باغیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذکر ہے۔

بات چیت میں روس کے حزب اختلاف کے رہنما کے قتل کے معاملہ بھی سامنے آیا اور روسی وزیر خارجہ نے ان کے قتل کو گھناؤنا جرم قرار دیاہے۔

روسی رہنما بورس نیمتسوو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ جمعے کو ماسکو میں قتل کیے جانے سے قبل یوکرین میں روسی فوجیوں کی موجودگی کی تفصیلات کی ایک رپورٹ پر کام کر رہے تھے۔

ان کے اتحادیوں نے کریملین پر ان کے قتل میں شامل ہونے کا الزام لگایا ہے لیکن روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس قتل کو ’خباثت‘ قرار دیتے ہوئے ان کے قاتلوں کو ڈھونڈ نکالنے کا عہد کیا ہے۔

جان کیری ایرانی وزیر خارجہ جاوید ظریف سے ملاقات کریں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجان کیری ایرانی وزیر خارجہ جاوید ظریف سے ملاقات کریں گے

جنیوا میں بی بی سی کی نامہ نگار باربرا پلیٹ کا کہنا ہے کہ جان کیری جنیوا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر اس بات کے لیے زور دیں گے کہ صرف اس بات کی تفتیش نہ کی جائے کہ بورس نیمتسوو پرگولی کس نے چلائی بلکہ اس کی بھی تفتیش کی جائے کہ یہ حکم کس نے دیا، کس نے رقم فراہم کی اور کس نے اس قتل میں تعاون دیا تھا۔

اس کے بعد جان کیری ایرانی وزیر خارجہ محمد جاوید ظریف کے ساتھ تہران کے جوہری پروگرام کے متعلق مذاکرات کی تجدید پر بات چیت کریں گے۔

خیال رہے کہ مارچ کے آخر تک اس سلسلے میں کسی معاہدے تک پہنچنے کی ڈیڈ لائن ہے جس کے بعد ہی ایران کی اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق یوکرین کے سلسلے میں ہونے والی گفتگو میں تلخی کا امکان ہے کیونکہ گذشتہ ہفتے جان کیری نے روسی حکام پر مشرقی یوکرین میں روسی تعاون کے سلسلے میں جھوٹ بولنے کا الزام لگایا تھا۔

اطلاعات کے مطابق یوکرین میں کمزور جنگ بندی جاری ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق یوکرین میں کمزور جنگ بندی جاری ہے

یوکرین حکومت، مغربی ممالک کے رہنما اور نیٹو کا کہنا ہے کہ باغیوں کو فوج اور ہتھیاروں سے روس کے تعاون کے واضح شواہد ہیں۔

آزاد مبصرین بھی ان الزامات میں ان کے ہمنوا ہیں لیکن ماسکو ان کی تردید کرتا ہے اور کہتا ہے کہ باغیوں کے ساتھ کام کرنے والے روسی رضاکار ہیں۔

دریں اثنا یوکرین میں تشدد کے حالیہ واقعات کے دوران کمزور سی جنگ بندی قائم ہے۔

سنیچر کو دونیتسک کے نزدیک یوکرین کے فوٹوگرافر کی شیلنگ کے دوران موت ہو گئی تھی۔

یوکرین کے فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر باغیوں کی گولی باری میں آٹھ فوجی زخمی ہوئے جبکہ باغیوں کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی فوج نے بھی دونیتسک کے گرد مارٹر گولے داغے۔