ایمدي كولیبلی کو مسلم اکثریتی علاقے کے قبرستان میں دفنا دیا گیا

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمدي كولیبلی کو پیرس کے مسلم اکثریتی علاقے میں واقع قبرستان میں دفنا دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمدي كولیبلی کو پیرس کے مسلم اکثریتی علاقے میں واقع قبرستان میں دفنا دیا گیا ہے

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کوشر مارکیٹ پر حملہ کرنے اور چار افراد کو ہلاک کرنے والے شخص ایمدي كولیبلی کو پیرس کے قریب خفیہ طور پر دفنا دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمدي كولیبلی کو پیرس کے مسلم اکثریتی علاقے میں واقع قبرستان میں دفنایا گیا ہے۔

پیرس میں ہونے والے حملوں میں 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس میں 12 چارلی ایبڈو میگزین پر حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل جریدے چارلی ایبڈو پر حملہ کرنے والے دو بھائی شریف اور سعید کواشی کو پہلے ہی خفیہ طور پر دفنا دیا گیا ہے۔

شریف کواشی کو بھی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو خفیہ طور پر دفنا دیا گیا ہے۔

شریف کو ان کے آبائی علاقے میں ایک بے نام قبر میں دفنا دیا گیا تھا۔

اس سے قبل شریف کے بھائی سعید کواشی کو فرانس کے شمالی شہر ریمز میں خفیہ طور پر دفنا دیاگیا تھا۔

ریمز شہر کے میئر نےپہلے سعید کواشی کی اپنے شہر میں تدفین کی مخالفت کی تھی۔ میئر کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ شدت پسندوں کو ایک مزار مل جائے۔

لیکن بعد میں میئر نے اپنے موقف میں تبدیلی کرتے ہوئے سعید کواشی کو ریمز میں دفنانے کی مخالفت ختم کر دی تھی۔ میئر نے کہا کہ حکومت نے انھیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا ہے۔