فرانس: مشتبہ حملہ آور مارے گئے، ساتھیوں کی تلاش جاری

،تصویر کا ذریعہAP
فرانس میں پولیس ان مشتبہ افراد کے ساتھیوں کی تلاش کر رہی ہے جنھوں نے دو روز کی شدت پسند کارروائیوں میں پیرس میں 17 افراد ہلاک کیے۔
پولیس کے مطابق وہ ایئٹ بومیڈیئن کی تلاش کر رہے ہیں جو ایمدی کولیبلی کے ہمراہ تھیں۔ ایمدی نے جمعہ کو پیرس کے مشرقی علاقے میں یہودیوں کی مارکیٹ میں حملہ کیا تھا اور چار یرغمالیوں کو ہلاک کیا تھا۔
پولیس نے جب سپر مارکیٹ میں دھاوا بولا تو ایمدی اس میں ہلاک ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ایئٹ ایمدی کے اس وقت بھی ہمراہ تھی جب ایمدی نے خاتون پولیس اہلکار کو ہلاک کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایئٹ مسلح ہے۔
اس سے قبل جمعہ کو پولیس نے پیرس کے شمال مشرق علاقے ڈامارٹن آں گوئل میں میگزین چارلی ایبڈو پر حملہ کرنے والے دو مبینہ حملہ آوروں کو کارروائی کر کے ہلاک اور کوشر سپر مارکیٹ کو یرغمال بنانے والے ایک شخص کو بھی ہلاک کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے پیرس اور اس کے شمال میں دو مقامات پر دھاوا بول کر ان دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا جنھوں نے عمارت میں موجود لوگوں کو مغوی بنا لیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پولیس کی جانب سے کوشر سپر مارکیٹ میں کی جانے والی کارروائی میں چار یرغمالی شدید زخمی ہو گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اے پی کے مطابق اس کارروائی میں 15 یرغمالیوں کو رہا کروا لیا گیا جبکہ دو پولیس اہل کار بھی زخمی ہوئے۔
دریں اثنا فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے خبردار کیا ہے کہ فرانس پر شدت پسندی کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔
جمعے کی رات ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔
فرانسو اولاند نے اپنے ٹی وی خطاب میں تین مسلح افراد کو قاتل قرار دیتے ہوئے کوشر سپر مارکیٹ پر کیے جانے والے حملے کی بھی مذمت کی۔







