مریض کے پیٹ سے 13 سال بعد جراحی چمٹا برآمد

قزاقستان میں ڈاکٹروں کو ایک شخص جسے بھوک نہ لگنے کی شکایت تھی کے پیٹ سے ایک آٹھ انچ لمبا جراحی چمٹا ملا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنقزاقستان میں ڈاکٹروں کو ایک شخص جسے بھوک نہ لگنے کی شکایت تھی کے پیٹ سے ایک آٹھ انچ لمبا جراحی چمٹا ملا ہے

قزاقستان میں ڈاکٹروں کو ایک شخص کے پیٹ سے ایک آٹھ انچ لمبا جراحی چمٹا ملا ہے۔ اس شخص بھوک نہ لگنے کی شکایت تھی۔

اطلات کے مطابق یہ چمٹا ایک دھائی قبل ہونے والے ایک آپریشن کے دوران ڈاکٹر اس کے پیٹ میں بھول گئے تھے۔

قزاقستان کے نوی وسٹنک اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ پچھلے کئی سالوں سے پیٹ میں چمٹا ہونے کے باوجود اس شخص کو کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں ہوئی۔ مگر حال ہی میں اس کی بھوک بہت کم ہو گئی تھی جس پر اس کی بیوی نے اسے معائنے کے لی مقامی کلینک میں بھیجا۔

ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کو اس کی علامات سمجھ نا آئیں مگر پھر ایکس رے کرنے پر صورتحال واضع ہوئی۔

ایکس رے کرنے والے ڈاکٹر بور زہان ایبایو کہتے ہیں کہ ’میں نے پہلے کبھی اس طرح کی کوئی چیز نہیں دیکھی، جسم میں بیرونی اشیاء عام طور پر فوراً طبی مسائل کو جنم دیتی ہیں، لیکن اس شخص کو اتنے طویل عرصے تک کچھ محسوس نہیں ہوا۔‘

قزاقستان کی میڈیکل اور دواسازی کی نگران کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ چمٹا پیٹ میں بھولنے والے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی کیونکہ متاثرہ شخص نے اس سلسلے میں کوئی باقاعدہ شکایت درج نہیں کرائی۔

چمٹا نکلوانے کے لی مریض کو ایک اور آپریشن کروانا پڑ رہا ہےـ اخبار نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کسی ایسے شخص کا ڈاکٹروں کے ساتھ لڑائی مول لینے کا تصور کرنا بھی مشکل ہے جو ان کے رحم و کرم پر ہو۔