جوہری تجربات کا جرمانہ ایک ارب ڈالر

فرانس نے اس علاقے میں 30 برس کے عرصے میں 193 جوہری تجربات کیے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنفرانس نے اس علاقے میں 30 برس کے عرصے میں 193 جوہری تجربات کیے

فرانس کے زیرِانتظام ایک خطے کی اسمبلی نے فرانس سے جوہری ٹیسٹ کے نتیجے میں پہنچنے والے نقصان پر زِرتلافی کے طور پر ایک ارب ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ریڈیو نیوزی لینڈ انٹرنیشنل کے مطابق فرینچ پولینیشا کی اسمبلی نے 1966 سے 1996 کے دوران علاقے میں کیے جانے والے 193 جوہری تجربات کرنے پر پیرس سے 93 کروڑ ڈالر رقم ادا کرنے کا مطالبہ تیار کیا ہے۔

جزیرے میں حکمراں جماعت تاہوئرا ہورائترا نے فرانس سے آزادی کی مخالفت کی تھی۔

اس جماعت نے فرانس سے اضافی 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس کے بقول اب بھی علاقے میں دو چھوٹے دائرہ نما جزیرے فرانس کے قبضے میں ہیں اور ان کی جلد واپسی ممکن نظر نہیں آ رہی ہے۔

حکمراں جماعت کے مطابق علاقے میں اب بھیدو چھوٹے دائرہ نما جزیروں پر فرانس کا قبضہ ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنحکمراں جماعت کے مطابق علاقے میں اب بھیدو چھوٹے دائرہ نما جزیروں پر فرانس کا قبضہ ہے

فرینچ پولینیشا ایک سو سے زائد جزائر پر مشتمل خطہ ہے اور اس کی اپنی حکومت ہے لیکن یہ اب بھی جمہوریۂ فرانس کا حصہ ہے۔

1996 میں فرانس کی جانب سے جوہری تجربات ختم کرنے کے بعد پولینیشا کے سابق صدر گرسٹن فلوز نے علاقے کی ترقی کے لیے سالانہ 15 کروڑ ڈالر ادا کرنے پر بات چیت کی تھی۔

ریڈیو نیوزی لینڈ کے مطابق ایک ارب ڈالر کی رقم ادا کرنے کا مطالبہ خطے میں زیادہ توجہ حاصل نہیں کر سکا۔ موجودہ صدر ایڈورڈ فرِچ کے مطابق وہ اسمبلی کے مطالبے سے لاعلم ہیں اور پیرس سے رقم کے مطالبے کے منصوبے پر انھیں مایوسی ہوئی ہے۔