اتوار کو لندن میں کشمیریوں کا مارچ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے برطانیہ میں مقیم کشمیری برادری سے تعلق رکھنے والے لوگ اتوار کو لندن شہر کے تاریخی ٹریفالگر سکوائر سے برطانوی وزیر اعظم ڈیدڈ کیمرون کی رہائش گاہ تک اجتحاجی مارچ کریں گے اور ایک یاداشت برطانوی وزیر اعظم کو پیش کریں گے۔
مارچ کا اہتمام کرنے والے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہفتے کو بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ’یہ ایک تاریخی مارچ ہو گا اور اس میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیری شرکت کریں گے۔‘
گذشتہ کئی دنوں سے برطانیہ کے مختلف شہروں میں اس مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرداں سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 25 سے زیادہ ارکان پارلیمان انھیں اس مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ایڈرو گریفتھس ان کے ساتھ مارچ میں شرکت کا اعلان کر چکے ہیں۔
پاکستانی نژاد منتخب اراکین میں شبانہ محمود، لارڈ نذیر احمد، رحمان چستی اور خالد محمود بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ کے رکن سجاد کریم بھی مارچ میں شامل ہوں گے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ٹریفالگر سکوائر پر ڈیڑھ بجے دن اجتماع ہوگا جس کے بعد ساڑھے تین بجے مارچ ٹین ڈاؤنگ سٹریٹ کی طرف روانہ ہو جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے بھی کئی سیاسی اور سماجی تنظیموں کے ارکان مارچ میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر لندن پہنچ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ فلسطین کے بارے میں حال ہی میں برطانوی پارلیمان نے ایک تحریک منظور کی ہے جس سے قبل غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑے بڑے جلوس نکالے گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم کرایا گیا اور ان ہی چیزوں سے متاثر ہو کر انھوں نے بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے مارچ کرنے کا عزم کیا تھا۔







