مندر پر بجلی گرنے سے گیارہ افراد ہلاک

قبیلے کے اراکین کا کہنا تھا کہ بارہ بجے کے قریب ان پر پہلی بار بجلی گری

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنقبیلے کے اراکین کا کہنا تھا کہ بارہ بجے کے قریب ان پر پہلی بار بجلی گری

کولمبیا کے دور دراز شمالی پہاڑی علاقے میں ایک مذہبی تقریب کے دوران بجلی گرنے سے مقامی قبیلے کے گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

’ویوا‘ نامی ایک نسلی گروہ کے رہنما ’روحانی یک جہتی‘ کی رسومات ادا کر رہے تھے کہ ان پر آسمانی بجلی گری۔

حادثے میں بچ جانے والے متاثرین کو فوج نے ہوائی جہاز کے ذریعے کیریبین کے شہر سانتا مارتا کے ہسپتالوں میں پہنچایا۔

متاثرین میں سے زیادہ تر لوگوں بجلی گرنے سے جھلس گئے۔ حادثہ اتوار کی رات کولمبیا کے سیرا نیواڈا پہاڑوں میں میں پیش آیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قبیلے کے تقریبًا ساٹھ لوگ ایک جھونپڑی کو مندر کے طور پر استعمال کر رہے تھے جو کہ بجلی گرنے کے بعد راکھ ہو گئی۔

صدر ہوآن مینوئل سینٹوس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا:’ ہماری حمایت سیرا نیواڈا کے مقامی قبیلے کے ساتھ ہے۔ ‘

کولمبیا کی مقامی ایجنسی ’اونک‘ کا کہنا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں قبیلے کے متاثرین سے ان کی مدد کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔

اونک نے ایک بیان میں کہا کہ ’ویوا‘ قبیلہ اس طرح کی ’ روحانی یک جہتی کی رسومات‘ تب ادا کرتا ہے جب اسے اندرونی تنازعات یا ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہو۔