’اسلحہ دو گے تو آئس کریم ملے گی‘

،تصویر کا ذریعہSOUTH CHINA MORNING POST
امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کی ایک کاؤنٹی میں گھریلو تشدد کے خلاف مہم میں بچوں کو اپنا کھلونا اسلحہ جمع کروانے کے بدلے آئس کریم ملے گی۔
مارن کاؤنٹی میں چلائی جانے والی اس مہم میں بچوں کو پرتشدد ویڈیو گیمز کے بدلے میں بھی آئس کریم دی جا رہی ہے۔
امریکہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ چند برسوں میں عوامی مقامات پر فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ان واقعات کے بعد ملک میں اسلحہ رکھنے کے حق کے معاملے پر بحث چھڑی ہوئی ہے۔
امریکہ میں آئینی طور پر ہر شہری کو اسلحہ رکھنے کا حق حاصل ہے اور کئی بچوں کو اکثر چھوٹی عمر میں اصلی بندوقوں تک رسائی ہوتی ہے۔
حال ہی میں ریاست ایریزونا میں ایک نو سالہ بچی نے اپنے شوٹنگ انسٹرکٹر کو غلطی سے اس وقت گولی مار دی تھی جب وہ اسے بندوق چلانا سکھا رہے تھے۔
ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت لاس اینجلس میں ہر برس پولیس عوام کو اسلحے کے بدلے رقم دینے کی مہم چلاتی ہے۔
تاہم مارن کاؤنٹی میں ایسی مہم کا ہدف بچوں کے کھلونا ہتھیاروں کو بنایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویب سائٹ فوربز کے مطابق، مارن کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایڈ باربیرین کا کہنا ہے کہ اس مہم سے بچوں کی سوچ یقیناً بدل سکتی ہے۔
انھوں نے کہا ’جیسے کہ ہم جانتے ہیں گھریلو تشدد کے واقعات میں تقریباً ہمیشہ بچے موجود ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ خاندانی تشدد کے یہ مناظر ان کے ذہن میں بس جاتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان بچوں کے ساتھ ہونے والے برے تجربات ان کی آئندہ زندگی کو بھی متاٰثر کر تے ہیں اور وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک روا رکھتے ہیں۔‘







