دولتِ اسلامیہ کے خلاف فورسز کی پیش قدمی

،تصویر کا ذریعہReuters
عراق کے شمالی شہر امرلی کے محاصرے کو توڑتے ہوئے شیعہ اور کرد فورسز دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف پیش قدمی کر رہی ہیں۔
بی بی سی کی ایک ٹیم پیر کو امرلی میں داخل ہو گئی ہے جہاں اس نے دیکھا کہ یہاں کے باشندوں نے گذشتہ دو مہینے سے محاصرے کا سامنا کیسے کیا۔
دریں اثنا شیعہ اور کرد فورسز نے کارروائی کر کے دولتِ اسلامیہ کے مضبوط گڑھ سلیمان بیگ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
ادھر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ وہ دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں ’بڑے پیمانے پر غیر انسانی اقدامات‘ کی تحقیقات کے لیے عراق میں ایک ٹیم بھیج رہی ہے۔
دولت اسلامیہ اور سنی گروپوں کی طرف سے شمالی اور مغربی عراق کے بیشر علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لانے کے بعد ملک میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔
پرتشدد کارروائیوں کے دوران ہزاروں افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
امرلی کے رہائشیوں کو دولتِ اسلامیہ کے خلاف کھڑے ہونے پر قتلِ عام کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار گیبرئیل گیٹ ہاؤس جب پیر کو امرلی میں داخل ہوئے تو انھوں نے لوگوں کو اپنے خاندانوں کے ساتھ دوبارہ ملنے پر خوش و خرم پایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ علاقے میں اب بھی بعض جگہوں پر دولتِ اسلامیہ کے جنگجو موجود ہیں جس کا مطلب ہے کہ اس قصبے تک آسانی سے رسائی ممکن نہیں۔
ملک کے سبک دوش ہونے والے وزیرِ اعظم نوری المالکی نے پیر کو امرلی کے دورے کے دوران کہا کہ عراق ’دولتِ اسلامیہ کا قبرستان بنے گا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہمارا دشمن پسپا ہو رہا ہے جبکہ ہماری فوج رضا کاروں کی مدد سے مزید پیش قدمی کر رہی ہے۔‘
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کرد اور عراقی فورسز کی پیش قدمی حالیہ مہینوں میں ان کی بڑی کامیابی ہے۔ ان ملیشیا کا کہنا ہے کہ ایران نے حالیہ آپریشنز میں اسلحہ فراہم کیا اور عسکری منصوبہ بندی کی۔
دولتِ اسلامیہ پر شام و عراق میں اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں مظالم ڈھانے کے الزامات ہیں۔







