آئس لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے پر ریڈ الرٹ

،تصویر کا ذریعہReuters
آئس لینڈ کے سب سے بڑے گلیشیر وتنایوقل کے نیچے آنے والے زلزلے کے بعد ایک آتش فشاں کے پھٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر ملک کے فضائی حدود کے نگران ادارے نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
آئس لینڈ کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس گلیشیر کی سطحے کے نیچے ایک چھوٹا آتش فشاں ہے جس کے نتیجے میں زلزلہ آیا ہے۔
تیس کلو میٹر دور ’بوؤردربونگا‘ نامی آتش فشاں پہاڑ کے قریب زلزلے آ رہے ہیں۔
بوؤردربونگا اور وتنایوقل ایک بڑے آتش فشانی نظام کا حصہ ہیں اور یہ ایک 500 کلومیٹر کی چوڑائی کے گلیشیر کے نیچے پائے جاتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کے قریب کی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے تاہم آئس لینڈ کے باقی تمام ہوائی اڈے ابھی تک کھلے ہیں۔
پورے یورپ میں اس حوالے سے فضائی الرٹ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
یورپ کی فضائی تحفظ کی ایجنسی یوروکنٹرول نے کہا ہے کہ وہ آتش فشاں کی صورتحال پر ہر چھ گھنٹے بعد ایک اپ ڈیٹ پیش کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ سنہ 2010 میں آئس لینڈ کے ’آئیافیلایوقل‘ آتش فشاں پہاڑ سے نکلی ہوئی راکھ سے یورپ میں ہوائی سفر شدید متاثر ہوا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ تاریخ کا سب سے بڑا ایسا واقع تھا جس سے فضائی سفر بڑے پیمانے پر متاثر ہوئے۔
اپریل 2010 کے اس واقع کے نتیجے میں 1.5 اور 2.5 بلین یوروز کےدرمیان نقصان ہوا تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حال ہی میں دیے جانے والا ریڈ الرٹ ملک میں خطرے کی درجہ بندی میں سے اوپر درجے کا انتباہ ہے۔
آئس لینڈ کے محکمہ موسمیات کے مطابق سائنسدانوں کی ایک ٹیم آتش فشانی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے ہفتے کے روز متاثرہ خطے میں جائے گی۔
پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ ’اس وقت زلزلے کو ایک معمولی واقع کے طور پرلیا جا رہا ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’گلیشیر کی برفانی سطح کے دباؤ کی وجہ سے ابھی کہا نہیں جا سکتا کہ آتش فشاں دبا رہے گا یا پھٹ کر نکلے گا۔‘
برطانوی ایئرلائن ورجن ایٹلانٹک نے اپنی لندن سے سان فرانسسکو جانے والی ایک پرواز کا راستہ احتیاطی طور پر بدل دیا ہے۔ ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ان کی دیگر پروازیں نارمل طور پر چل رہی ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
برطانیہ کی ا یک اور فضائی کمپنی برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ وہ صورت حال پر ’نظر رکھ رہے ہیں‘ لیکن ابھی تک ان کی پروازیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔ برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ملک کی کوئی بھی پرواز تب تک متاثر نہیں ہو گی جب تک کہ کوئی آتش فشاں اپنی سطح کو چھو کر پھٹتا نہیں ہے۔
آئس لینڈ میں پہلے حکام خبردار کر چکے ہیں کہ آتش فشاں کے پھٹنے سےملک کے شمالی علاقے میں سیلاب آنے کے امکان ہیں۔
بدھ کے روز آتش فشاں کے پھٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر حکام نے علاقے کے لوگوں کو علاقے سے نکال لیا تھا۔







