پیرس: سعودی شہزادہ لُٹ گیا

اطلاعات کے مطابق قافلہ سعودی سفارت خانے سے ایک مقامی ہوائی اڈے کی طرف جا رہا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق قافلہ سعودی سفارت خانے سے ایک مقامی ہوائی اڈے کی طرف جا رہا تھا

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سعودی شہزادے کے قافلے پر ڈاکوؤں نے حملہ کر کے تقریباً ڈھائی لاکھ یورو کی نقدی چوری کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قافلہ اتوار کی شام شمالی پیرس سے گزرتا ہوا لا بورژے کے ہوائی اڈے کی جانب جا رہا تھا جب اس پر حملہ کیا گیا۔

حملہ آور ایک گاڑی لے اڑے جس میں نقدی اور چند اہم دستاویزات موجود تھے اور ایک ڈرائیور کے ساتھ ساتھ دو دیگر افراد بھی سوار تھے۔ تینوں افراد کو بعد میں ڈاکوؤں نے گاڑی سے صحیح سلامت اتار دیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ قافلہ سعودی سفارتخانے سے آ رہا تھا اور اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کے پاس کلاشنکوف رائفلیں تھیں۔

اس واقعے میں کسی کی جانب سے گولی چلانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم چوری شدہ گاڑی بعد میں جلی ہوئی ملی۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ گاڑی ایک مرسیڈیز منی وین تھی اور اس میں ڈھائی لاکھ یورو کے علاوہ سعودی سفارتخانے کی چند خفیہ دستاویزات بھی تھیں۔