غزہ میں جنگ بندی میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع

 فریقین کے مذاکرات کار اتوار کو بات چیت کے لیے قاہرہ واپس پہنچے تھے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشن فریقین کے مذاکرات کار اتوار کو بات چیت کے لیے قاہرہ واپس پہنچے تھے

فلسطینی اور اسرائیلی حکام نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے غزہ میں جنگ بندی میں 24 گھنٹے کی مزید توسیع کی ہے۔

غزہ میں فریقین کے درمیان موجودہ جنگ بندی گذشتہ بدھ کو ہوئی تھی جس کی مہلت پیر اور منگل کی درمیانی شب کو ختم ہونی تھی۔

حکام کے مطابق آٹھ جولائی کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک 2016 فلسطینی اور 66 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

مصری حکومت نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں 24 گھنٹے کی توسیع کی تصدیق کی ہے۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے مذاکرات کاروں نے مسائل کے مستقل حل کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

فریقین کے مذاکرات کار مشاورت کے بعد اتوار کو بات چیت کے لیے قاہرہ واپس پہنچے تھے۔

اس سے پہلے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا کہ اگر حماس نے راکٹ فائر کیے تو اسرائیلی فورسز سخت جوابی کارروائی کریں گی۔

انھوں نے کہا کہ فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے اور فائرنگ شروع ہونے کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کے لیے ’تیار‘ ہے۔