’نائجیرین فوج کو سکول پر حملے کی پیشگی اطلاع تھی‘

لڑکیوں کے اس سکول پر 14 اپریل کو حملہ کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنلڑکیوں کے اس سکول پر 14 اپریل کو حملہ کیا گیا تھا

ایک انسانی حقوق کی تنظیم نے نائجیریا کی فوج کو سکول پر حملے کے بارے میں پیشگی اطلاع تھی جس میں شدت پسند تنظیم بوکوحرام 270 کے قریب لڑکیوں کو اغوا کر لیا گیا تھا مگر اس نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اسے کئی باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ نائجیریا کی فوج کو چار گھنٹوں سے زیادہ وقت پہلے اس حملے کے بارے میں خبردار کر دیا گیا تھا۔

53 لڑکیاں 14 اپریل کو اس حملے کے تھوڑی دیر بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھیں مگر 200 کے قریب اب بھی قید میں ہیں۔

نائجیریا میں حکام نے اب تک اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

امریکہ اور برطانیہ کے ماہرین کی ٹیمیں نائجیریا میں ان لڑکیوں کی رہائی میں مدد دینے کے لیے پہنچ گئی ہیں۔

ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ خبردار کرنے کے باوجود اس دور دراز علاقے چبوک میں کمک نہیں پہنچائی گئی تاکہ ان لڑکیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکتا۔

ان لڑکیوں کے اغوا کے بعد دنیا بھر میں مظاہرے اور احتجاج ہو رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنان لڑکیوں کے اغوا کے بعد دنیا بھر میں مظاہرے اور احتجاج ہو رہا ہے

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اس کی ایک وجہ ’بہتر اسلحے سے لیس مسلح گروہوں کے مقابلے کا خوف‘ ہو سکتا ہے۔

ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ ان لڑکیوں کو چبوک اور ہمسایہ ملک کیمرون کے درمیان واقع جنگل میں قید رکھا گیا ہے۔

ایمنسٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور حفاظت پر مامور مختصر سکیورٹی فورس پر جلد قابو پانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

ٹوئٹر پر ان لڑکیوں کی رہائی کے لیے مہم #BringBackOurGirls
کے عنوان سے چلائی جا رہی ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنٹوئٹر پر ان لڑکیوں کی رہائی کے لیے مہم #BringBackOurGirls کے عنوان سے چلائی جا رہی ہے

شدت پسند گروہ بوکو حرام نے ان لڑکیوں کو اغوا کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ان لڑکیوں کو سکول میں نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان کی شادی کر دی جانی چاہیے۔

بوکوحرام کا ہاؤسا زبان میں مطلب ہے ’مغربی تعلیم ممنوع ہے‘ اور اس تنظیم نے 2009 میں ریاست کے خلاف بغاوت شروع کی تھی۔

اس کے بعد شروع ہونے والے تشدد کے نتیجے میں اب تک 1200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس ہفتے کے آغاز میں بوکوحرام کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں اس تنظیم کے رہنما ابوبکر شیکاؤ نے ان لڑکیوں کو ’فروخت کرنے‘ کی دھمکی دی تھی۔