جنوبی بحر ہند: لاپتہ طیارے کی تلاش میں چین اور جاپان بھی شامل

،تصویر کا ذریعہAFP
جنوبی بحرِ ہند میں ملائیشیا کے لاپتہ جہاز ایم ایچ 370 کی تلاش میں مزید ممالک بھی شامل ہو گئے ہیں کیونکہ موسم کی خرابی اور بارش تلاش کی کوششوں میں رخنہ ڈال رہی ہیں۔
سٹیلائٹ اور ریڈار سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی روشنی میں 10 ہوائی جہاز اس علاقے میں تلاش کر رہے ہیں جہاں جہاز کا ممکنہ ملبہ دیکھا گیا ہے۔
چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک چینی جہاز نے سمندر میں مشتبہ ملبہ دیکھا ہے۔
ملائیشیا کی ائیر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 کولالمپور سے بیجنگ جانے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی اس میں 239 افراد سوار تھے۔
آسٹریلیا کے ساحلی شہر پرتھ سے دو چینی فوجی ہوائی جہاز پیر کی صبح کو سمندر میں لاپتہ جہاز کی تلاش کے لیے نکلے ہیں جبکہ جاپان کے دو پی تھری اورئین طیارے بھی تلاش کی مہم میں حصہ لیں گے۔
آسٹریلیا اور امریکہ کے چھ فوجی ہوائی جہاز پہلے ہی 68500 مربع کلومیٹر کے علاقے میں لاپتہ جہاز کو تلاش کر رہے ہیں۔
۔۔۔
اس سے قبل ملائیشیا کا کہنا ہے کہ فرانس نے اسے لاپتہ بوئنگ 777 طیارے کے ’ممکنہ ملبے‘ کی نئی تصاویر بھیجی ہیں جو سیٹلائٹ سے لی گئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان تصاویر میں بحرِ ہند کے جنوبی حصے میں جہاز کے ملبے سے ملتی جلتی اشیا نظر آ رہی ہیں جن کا ممکنہ طور پر تعلق لاپتہ طیارے سے ہو سکتا ہے۔
چین کی طرف سے لاپتہ طیارے ایم ایچ 370 کے ممکنہ ملبے کی تصاویر جاری ہونے کے بعد طیارے کو تلاش کرنے کے لیے اتوار کو جنوبی بحرِ ہند کے وسیع علاقے میں آٹھ طیاروں کو بھیجا گیا ہے۔
آسٹریلیا اس سرچ آپریشن کی سربراہی کر رہا ہے اور اس نے کہا ہے کہ وہ لکڑی کے ایک بڑے تختے کو ڈھونڈ رہا ہے۔
اس علاقے میں سمندر میں تیرتی اشیا اور سنیچر کو لکڑی کے ایک ٹکڑے کی دریافت نے ان امیدوں میں اضافہ کر دیا ہے کہ جہاز کا ملبہ ممکنہ طور پر اسی علاقے میں ہو سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے بحریہ میں آپریشن کوارڈینیٹر مائک بارٹن نے نظر آنے والے ملبے کے بارے میں کہا کہ’اس میں ایک لکھڑی کا ٹکڑا ہے جس کے اردگرد مختلف رنگ اور سائزکے بیلٹ اور کچھ دیگر اشیا ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ’ہم نے اسے کل دوبارہ ڈھونڈنے کی کوشش کی، نیوزی کا ایک طیارہ اسے تلاش کر رہا تھا لیکن بدقسمتی سے یہ اسے نہیں ملا۔‘
ملائیشیا ایئر لائنز کا یہ مسافر طیارہ گذشتہ 15 دنوں سے لاپتہ ہے۔
اس طیارے پر 239 افراد سوار تھے جن میں اکثریت چینی مسافروں کی تھی۔
چین نے ملائیشیا پر لاپتہ طیارے کے معاملے سے نمٹنے پر تنقید بھی کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ملائیشیا کا کہنا ہے کہ جہاز کا راستہ دانستہ تبدیل کیا گیا تھا اور اب اس کی تلاش آسٹریلوی ساحلی شہر پرتھ کے جنوب مغرب میں تقریباً 2500 کلو میٹر کے فاصلے پر 23000 کلو میٹر کے علاقے میں کی جا رہی ہیں۔
جنوبی بحرِ ہند میں سیٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر میں ملبہ نظر آنے کی وجہ سے امید پیدا ہو گئی ہے کہ لاپتہ طیارہ وہاں ہو سکتا ہے اس لیے جنوبی بحرِ ہند بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی تلاش کا مرکز بنا ہوا ہے۔
آسٹریلیا کا بحری جہاز ایچ ایم اے ایس سکسیس واحد جہاز ہے جو اس علاقے میں موجود ہے جو ضرورت پڑنے پر بڑے سے بڑا ملبہ بھی اٹھا سکتا ہے۔ امریکہ، برطانیہ، چین اور دیگر ممالک کے بحری جہاز اس علاقے تک پہنچنے کے لیے سفر میں ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
چین نے سنیچر کو جو جنوبی بحرِ ہند میں تیرتے ہوئے ملبے کی سیٹیلائٹ تصاویر جاری کی تھیں جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ گمشدہ طیارے کے ہو سکتے ہیں جو 8 مارچ کو لاپتہ ہو گیا تھا۔
چینی ٹی وی چینل سی سی ٹی وی پر تازہ ترین موصلاتی تصاویر دکھائی گئیں جو ’گاؤفین 1 نامی ہائی ریزولوشن موصلاتی سیارے‘ سے لی گئی تھیں جو چین کی قومی خلائی انتظامیہ کا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیرِاعظم ٹونی ایبٹ نے ان تصاویر کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ’ظاہر ہے اب ہمارے پاس کچھ مصدقہ معلومات ہیں اور ہماری امید بڑھتی جا رہی ہے۔ لیکن یہ صرف امید ہی ہے کہ ہم اس بدقسمت طیارے کو دریافت کرنے کے لیے صحیح راستے پر ہیں۔‘
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سمندر کے اس حصے میں تلاش کا عمل انتہائی مشکل اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔







