اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 3 فلسطینی ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
اسرائیل کی سکیورٹی فورسز نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے جنین مہاجر کیمپ میں تین فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے مطابق حماس کے رکن کو گرفتار کرنے کے لیے جنین کیمپ میں چھاپا مارا گیا جس کے دوران ان افراد کو گولی ماری گئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے شخص کو گرفتار کرنا چاہتے تھے جس پر اسرائیلی شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔
فوج کے مطابق اس شخص نے اپنے آپ کو گھر میں بند کر لیا اور فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر دو اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔
جس کے بعد اس شخص کو اسرائیلی فوج کے مطابق گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
اس کے بعد مزید دو فلسطینی شہریوں کو گولی ماری گئی جب مبینہ طور پر بلوائیوں نے اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔
اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک ٹویٹ میں ان ہلاکتوں کی اطلاع یوں دی کہ چار ’دہشت گرد‘ جھڑپوں میں ہلاک ہو گئے جبکہ 14 زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔
اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات جو گزشتہ سال جولائی میں دوبارہ شروع ہوئے تھے میں اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی ہے جن کا مقصد اسرائیل کے ساتھ فلسطینیوں کے لیے علیحدہ ریاست کا قیام ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







