’شیطان سے معاہدہ‘ اور پھر لڑکی کا قتل

،تصویر کا ذریعہABC
امریکی ریاست ٹیکساس میں حکام نے دو نوجوانوں کے خلاف ’شیطان کے ساتھ معاہدے‘ کے تحت 16 سالہ لڑکی کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
17 سالہ ہوزے ریز اور ایک 16 سالہ لڑکے پر، جن کا نام قانونی وجوہات کی وجہ ظاہر نہیں کیا جا سکتا، الزام ہے کہ انہوں نے 16 سالہ مس کورین سروینٹس کو قتل کیا ہے۔
ٹیکساس کے استغاثہ کا خیال ہے کہ ان لڑکوں نے ’شیطان کے ساتھ معاہدے‘ کے تحت لڑکی کو قتل کیا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے لڑکی کو رسمیں ادا کر کے قتل کرنے کے بعد اس کے جسم کو مسخ کر کے اس کے معدے پر صلیب کا الٹا نشان بنایا۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں یہ لڑکے دھوکے سے لڑکی کو ایک خالی فلیٹ میں لےگئے۔
کاونٹی پراسیکیوٹر جان جورڈن نے کہا ہے کہ چھوٹے لڑکے نے 17 سالہ ہوزے ریز کو یہ کہتے سنا کہ اس نے اپنی روح شیطان کو بیچ رکھی ہے۔ 16 سالہ لڑکا بھی ایسا ہی کرنا چاہتا تھا۔
پولیس پراسیکیوٹر نے بتایا: ’چھوٹے لڑکے نے بڑے لڑکے سے پوچھا کہ اگر اس نے قتل کا ارتکاب کیا تو کیا وہ اس طرح اپنی روح شیطان کو بیچ سکےگا؟ ہوزے ریز نے جواب دیا، ہاں۔‘
پولیس پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس خالی فلیٹ میں جو کچھ ہوا وہ حیوانیت تھی اور جو کچھ عدالت میں ہوگا وہ انصاف ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے سنیچر کو خالی فلیٹ سے اس وقت 16 سالہ کروینٹس کی لاش برآمد کی جب ایک رہائشی نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک فلیٹ کا دروازہ کھلا ہوا ہے۔
شیطان کے پجاری ہوزے ریز کو اتوار کے روز گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیاگیا۔ جوزے ریز کے وکیل نے کہا کہ وہ اس مقدمے کے بارے ابھی کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے کیونکہ انہیں ملزم کا وکیل مقرر ہوئے زیادہ وقت نہیں ہوا ہے اور وہ تفصیلات سے آگاہ نہیں ہیں۔
پراسیکیوٹر نے بتایاکہ ہوزے ریز نے جب اپنے خاندان کے سامنے اعتراف جرم کیا تو انہوں نے پولیس کو آگاہ کر دیا۔







