سوچی: ٹوتھ پیسٹ بم کا خطرہ، امریکہ کی تنبیہ

امریکہ نے ابھی سوچی کے لیے سفر کے بارے میں کوئی تنبیہی ہدایات جاری نہیں کیں

،تصویر کا ذریعہRIA Novosti

،تصویر کا کیپشنامریکہ نے ابھی سوچی کے لیے سفر کے بارے میں کوئی تنبیہی ہدایات جاری نہیں کیں

امریکہ نے روس کے لیے براہِ راست پروازیں چلانے والی فضائی کمپنیوں کو ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوب میں دھماکہ خیز مواد چھپا کر طیارے پر لے جانے کے امکانات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

یہ تنبیہ امریکہ کی داخلی سلامتی کے محکمے کی جانب سے اس وقت سامنے آئی ہے جب روس میں بحیرۂ اسود کے تفریحی مقام سوچی میں سرمائی اولمپکس منعقد ہو رہے ہیں۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت امریکہ کو لاحق اس قسم کے کسی خطرے سے آگاہ نہیں ہے۔

روس نے گذشتہ ماہ اپنی اندرونی پروازوں میں ہر قسم کے مائع مواد اور ٹوتھ پیسٹ یا جیل لے جانے پر پابندی لگائی تھی۔

سوچی میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈینیئل سینڈفرڈ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک میں اولمپکس کے سلسلے میں کیے جانے والے سخت حفاظتی اقدامات کا حصہ تھا۔

روسی حکام نے تاحال امریکی تنبیہ پر تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن روس کے نائب وزیراعظم دمیتری کوزیک نے کہا ہے کہ ’سوچی میں حفاظتی انتظامات دنیا کے کسی بھی محفوظ شہر جیسے ہیں۔‘

موسمِ سرما کے اولمپکس کھیلوں کا باقاعدہ آغاز جمعے سے ہونا ہے لیکن کچھ کھیلوں کے ابتدائی مقابلے شروع ہو چکے ہیں۔

موسمِ سرما کے اولمپکس کھیلوں کا باقاعدہ آغاز جمعے سے ہونا ہے

،تصویر کا ذریعہREUTERS

،تصویر کا کیپشنموسمِ سرما کے اولمپکس کھیلوں کا باقاعدہ آغاز جمعے سے ہونا ہے

نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ دھماکہ خیز مواد سمگل کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوبیں استعمال کی جا سکتی ہیں جس سے طیارے پر یا پھر اولمپکس کے مقام پر پہنچ کر بم تیار کیا جا سکتا ہے۔

داخلی سلامتی کے امریکی محکمے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وہ تنبیہی نقطۂ نظر سے باقاعدگی سے داخلی اور خارجی ساتھیوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔‘

امریکہ نے اس تنبیہ کے باوجود سوچی کے لیے سفر کے حوالے سے کوئی تنبیہی ہدایات جاری نہیں کی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان لورا میگنوسن نے امریکی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ’اگر ہمیں آنے والے دنوں یا ہفتوں میں ایسی معلومات ملتی ہیں جن کی بنیاد میں ہمارے سوچی کے لیے سفر سے متعلق جائزے کے نتائج میں تبدیلی آتی ہے تو ہم اسے عام کر دیں گے۔‘

گذشتہ ماہ ولگوگراد میں دو خودکش حملوں اور قفقاز سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کے بعد سوچی میں سرمائی اولمپکس کی سکیورٹی کے بارے میں خدشات میں اضافہ ہوا تھا۔

امریکہ نے اپنے دو جنگی بحری جہازوں کو بحیرۂ اسود میں تیار حالت میں رکھا ہوا ہے تاکہ کسی ہنگامی حالت میں ان سے مدد لی جا سکے۔