منڈیلا کی وصیت کا اعلان، 41 لاکھ ڈالر کی جائیداد

منڈیلا کی وصیت پر عملدرآمد کے لیے تین رکنی کمیشن قائم کیا گیا ہے جس کے سربراہ جسٹس ڈکگینگ موسینیکے جو جنوبی افریقہ کی آئینی عدالت کے نائب سربراہ ہیں
،تصویر کا کیپشنمنڈیلا کی وصیت پر عملدرآمد کے لیے تین رکنی کمیشن قائم کیا گیا ہے جس کے سربراہ جسٹس ڈکگینگ موسینیکے جو جنوبی افریقہ کی آئینی عدالت کے نائب سربراہ ہیں

جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا نے اپنے پیچھے ورثے میں 41 لاکھ ڈالر سے زیادہ مالیت کی جائیداد چھوڑی ہے۔

یہ بات نیلسن منڈیلا کی وصیت پر عملدرآمد کرنے والی کمیٹی نے بتائی ہے۔

اس رقم میں سے منڈیلا کے خاندانی ٹرسٹ کو ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ دوسرے اداروں میں افریقن نیشنل کانگریس کے ذاتی کارکنوں اور کئی سکولوں کو بھی رقم ملے گی۔

نیلسن منڈیلا کی تیسری اہلیہ گراسا مشل کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ جائیداد پر اپنے حق سے دستبردرا ہو جائیں گی اگرچہ وہ اس کے نصف کی حقدار ہیں۔

نیلسن منڈیلا کا گزشتہ سال دسمبر میں 95 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔

سابق صدر کی جائیداد میں جوہانسبرگ کے مہنگے علاقوں میں ایک مکان، اپنے آبائی علاقے میں ایک معمولی مکان اور ان کی کتاب کی فروخت سے حاصل ہونے والی رائلٹی جن میں ان کی خود نوشت سوانح حیات ’لانگ واک ٹو فریڈم‘ شامل ہیں۔

عملدرآمد کروانے والے جسٹس نے کہا کہ ’انہیں 40 صفحات پر مشتمل وصیت پر کسی اعتراض کا علم نہیں ہے۔‘

گراسا مشل کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ جائیداد پر اپنے حق سے دستبردرا ہو جائیں گی اگرچہ وہ اس کے نصف کی حقدار ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنگراسا مشل کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ جائیداد پر اپنے حق سے دستبردرا ہو جائیں گی اگرچہ وہ اس کے نصف کی حقدار ہیں

جوہانسبرگ میں نیلسن منڈیلا فاؤنڈیشن کے دفتر میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جائیداد کو نیلسن منڈیلا کی جانب سے بنائی گئی تین فاؤنڈیشنوں میں تقسیم کیا جائے گا جن میں ایک ٹرسٹ بھی شامل ہے جو ان کے تیس کے قریب بچوں اور پوتے پوتیوں اور ان کے بچوں کو رقم فراہم کرے گی۔

جن سکولوں میں نیلسن منڈیلا نے تعلیم حاصل کی ان سب کو ایک لاکھ رینڈ فی سکول ملے گا۔ وظیفے جاری کرنے کے لیے جن میں ’وٹس‘ اور ’فورٹ ہیئر یونیورسٹی‘ شامل ہیں۔

افریقن نیشنل کانگریس کو بھی کتابوں کی رائلٹی ملے گی۔

نیلسن منڈیلا کے تمام بچوں کو تین لاکھ ڈالر قرضہ ان کی زندگی میں دیا گیا تھا اور اب اگر اسے واپس نہیں کیا گیا تو وہ ختم کر دیا جائے گا۔

ان کے قریبی ذاتی کارکنوں کو جن میں دیرینہ معاون زیلدہ لا گرینج شامل ہیں کو 50 ہزار رینڈ فی کس ملے گا۔

جوہانسبرگ کے علاقے ہاؤٹن میں واقع گھر میں ان کے بیٹے مکگاتھو کا خاندان رہائش پذیر ہو گا۔ مکگاتو کا انتقال ہو چکا ہے۔

اگرچہ منڈیلا کے خاندان کے افراد وصیت سے خوش تھے اس کے باوجود یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے بعد ان کے خاندان میں ایک بار پھر لڑائیاں شروع نہ ہو جائیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشناگرچہ منڈیلا کے خاندان کے افراد وصیت سے خوش تھے اس کے باوجود یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے بعد ان کے خاندان میں ایک بار پھر لڑائیاں شروع نہ ہو جائیں

نیلسن منڈیلا نے اپنی وصیت میں لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ میرا یہ گھر منڈیلا خاندان کے جمع ہونے کی جگہ بن جائے تاکہ وہ میری وفات کے بعد بھی اپنا اتحاد قائم رکھ سکیں۔‘

جسٹس نے کہا کہ جب منڈیلا خاندان کے سامنے وصیت پڑھی جا رہی تھی تب ان کا خاندان بہت جذباتی تھا مگر سب ان کی وصیت سے خوش تھے۔

اس کے باوجود یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے بعد ان کے خاندان میں ایک بار پھر لڑائیاں شروع نہ ہو جائیں۔