برطانیہ میں طوفان اور بارش، ’لوگ سفر کرنے سے گریز کریں‘

برطانوی حکام نے انگلینڈ اور ویلز میں لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ سوموار کو طوفان کے باعث سفر کرنے سے گریز کریں جبکہ اس دوران ٹرین اور جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہو گی۔
دوسری جانب لندن آنے والی پروازوں میں بھی کمی کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک سو تیس کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث سیلاب کا خطرہ ہے۔
صورتحال کے پیش نظر برطانوی وزیرِاعظم نے عوام کی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ہونے والے اجلاس کی صدارت بھی کی۔
دوسری جانب ایسٹ سسیکس میں سمندر میں بہہ جانے والے ایک چودہ سالہ بچے کی تلاش روک دی گئی ہے۔
نیٹ ورک ریل کے اعلیٰ عہدیدار روبن گسبی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو ریل کے شیڈول متاثر ہونے کے باعث کافی زحمت اٹھانی پڑے گی۔
گسبی کے مطابق برمنگھم، نوٹنگ ہل اور مڈ لینڈز میں ٹرین کے شیڈول متاثر ہوں گے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان ایسا ہے جو ہر سال نہیں آتا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چھ سے نو گھنٹوں کے درمیان 20 سے 40 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہیتھرو ہوائی اڈے سے کہا گیا ہے کہ وہ ہوائی جہازوں کی آمدو رفت میں پانچ سے 20 فیصد کمی کریں۔ اس کمی کے باعث اندازاً 60 پروازیں منسوخ ہوں گی۔
میٹروپولیٹن پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ امرجنسی کے لیے 999 کے نمبر کی بجائے 101 نمبر ملائیں۔ تاہم اگر بہت زیادہ ایمرجنسی ہے تو پھر 999 ڈائل کریں۔







