سونے کے ٹکڑے نگل کر بھارت سمگل کرنے کی کوشش

بھارت سونے کی دنیا میں ایک بڑی منڈی ہے
،تصویر کا کیپشنبھارت سونے کی دنیا میں ایک بڑی منڈی ہے

سری لنکا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سونے کے ٹکڑے نگل کر سمگل کرنے کے شبہے میں سات افراد کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ یہ لوگ سونا نگل کر بھارت جانے والی پرواز پر سفر کرنے کی کوشش میں تھے۔

یہ لوگ جن میں چھ بھارتی شہری اور ایک سری لنکا کا شہری شامل تھا بھارت کے شہر چنائی (مدراس) سفر کرنے والے تھے جب انھیں ہوائی اڈے پر کسٹم حکام نے حراست میں لے لیا۔

ان ساتوں افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیاگیا تاکہ کسٹم حکام کی نگرانی ان کی حجابت ہونے تک اس کے معدوں میں موجود سونے کے ٹکڑوں کو تحویل میں لیا جا سکے۔

ان سات افراد کے معدوں میں سونے کے پچیس ٹکڑوں کی موجودگی کا پتہ چلا تھا۔

سری لنکا میں کسٹم کے ایک ترجمان لیزلی گامینی نے بی بی سی کو بتایا یہ سات افراد کوجن کی عمریں چالیس سے پچاس برس کے درمیان ہیں سونا بازیاب کرنے کے لیے کیلے اور دہی وافر مقدار میں کھلائی جا رہی ہے۔

اس رپورٹ کے فائل ہونے تک دو افراد کے پیٹوں میں موجود صرف چار ٹکڑے ہی برآمد ہو سکے تھے۔

سونے کا مجموعی وزن اور اس کی مالیت کا ابھی تک کوئی اندازہ نہیں لگایا جاسکا تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق جس گاڑی میں یہ افراد سوار ہو کر ہوائی اڈے تک پہنچے تھے اسے بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

بھارت سونے کی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جہاں سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث طلب میں اضافہ ہوگیا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھارت نے سونے کے زیورات درآمد کرنے پر ڈیوٹی کو دس فیصد سے بڑھا کر پندرہ فیصد کر دیا گیا تھا تاکہ ملک میں اس قیمتی دہات کی مانگ کو کم کیا جا سکے۔