طاقتور طوفان فلپائن اور تائیوان کی جانب

موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ فلپائن اور تائیوان کی جانب بڑھنے والا سمندری طوفان اوساگی دو ہزار تیرہ میں آنے والا سب سے طاقتور طوفان ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق جمعے کی صبح یہ طوفان تائیوان کے جنوب مشرق میں 560 کلومیٹر اور فلپائن کے شمال میں 360 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔
تائیوان اور فلپائن میں ہائی الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں اور کشتی چلانے والوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں۔
خدشہ ہے کہ یہ طوفان سنیچر یا اتوار تک چین کے ساحل تک پہنچ جائے گا۔
فلپائن کے محکمہ موسمیات پاگاسا کا کہنا ہے کہ طوفان اوساگی میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار 175 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس کے دباؤ میں جمعہ کی صبح اضافہ ہوا ہے۔

فلپائن میں حکام نے وارننگ جاری کی ہے کہ طوفان کے نتیجے میں کئی شمالی صوبوں میں سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ ہو سکتی ہے۔
فلپائن میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق کئی صوبوں میں امدادی کارکن کسی ہنگامی صورتحال کے نتیجے میں مدد کے لیے تیار ہیں۔
تائیوان میں مرکزی محکمہ موسمیات نے جمعے کی صبح ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق انتظامیہ نے طوفان کے لیے’ کلاس ون‘ وارننگ جاری کی ہے جو کہ سمندری آفت سے متعلق سب سے اونچے درجے کی وارننگ ہے۔
اگست میں فلپائن کے شمال میں طوفان کے نتیجے میں دو لوگ ہلاک اور ہزاروں بےگھر ہوگئے تھے۔
موسم گرما میں مشرقی ایشیا میں ہوا میں نمی اور کم دباؤ کی وجہ سے طوفان آنا ایک معمول کی بات ہے۔







