’اور جب شیر نے بھونکنا شروع کر دیا‘

ماسٹیف نسل کا کتا اپنے بھورے رنگ کے بڑے بالوں والے کوٹ کی وجہ سے شیر کی طرح دکھائی دیتا ہے
،تصویر کا کیپشنماسٹیف نسل کا کتا اپنے بھورے رنگ کے بڑے بالوں والے کوٹ کی وجہ سے شیر کی طرح دکھائی دیتا ہے

چین کے ایک چڑیا گھر میں افریقی شیر کے طور پر دکھائے جانے والے کتے کا بھانڈا اس وقت پھوٹ گیا جب اس نے سیاحوں کے سامنے بھونکنا شروع کر دیا۔

چینی میڈیا کے مطابق چڑیا گھر کے حکام نے حقیقی شیر کی جگہ ماسٹیف نسل کے کتے کو رکھا تھا۔

صوبہ ہنان کے لایو شہر میں واقع چڑیا گھر کے ایک اہلکار نے کہا کہ جب اصلی شیر کو افزائشِ نسل کے لیے سینٹر بھیج دیا گیا تو اس کی جگہ ایک کارکن کے ماسٹیف کتے کو شیر کے پنجرے میں رکھ دیا گیا۔

بیجنگ کے رونامہ ’یوتھ ڈیلی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فراڈ کا اس وقت پتہ چلا جب لایو شہر میں ایک لیو نامی خاتون اپنے بیٹے کو یہ دکھانے چڑیا گھر لے گئی کہ مختلف جانور کس طرح کی آوازیں نکالتے ہیں۔

چڑیا گھر کی سیر کے دوران وہ ایک ایسے پنچرے کے سامنے پہنچے جس پر ’افریقی شیر‘ کا تختہ لگا ہوا تھا اور وہاں اس شیر کی غیض و غضب والی خصوصیات بیان کی گئی تھیں لیکن انھیں اس وقت دھچکا لگا جب پنچرے میں بند کتے نے بھونکنا شروع کر دیا۔

اس واقعے کے بعد چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ افریقی شیر کے پنجرے میں بند جانور شیر نہیں بلکہ ماسٹیف نسل کا کتا تھا جو اپنے بھورے رنگ کے بڑے بالوں والے کوٹ کی وجہ سے شیر کی طرح دکھائی دیتا ہے۔