لبنان: ترک ایئر لائن کے دو پائلٹ اغوا

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈا کے قریب سے ترک ایئرلائن کے دو پائلٹوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
انہیں عملے اور مسافروں کو ہوائی اڈے سے ہوٹل لے جانے والی بس سے اغوا کیا گیا ہے۔
اب تک کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ اغوا کے اس واقعے کا تعلق شام میں جاری تنازعے سے ہے۔
ترکی شام میں سنّی باغیوں کا حامی ہے جبکہ لبنان کی شیعہ کمیونٹی شام کے صدر بشار الاسد کی حمایتی ہے۔
گزشتہ سال شام میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے نو لبنانی شہریوں کو اغوا کر لیا گیا تھا اور ان کے خاندان والوں نے ترکی سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی رہائی کے لیے مدد کرے۔
لبنان کے وزیرِ داخلہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اغوا ہونے والے افراد کو رات تین بجے ہوٹل لے جانے والی بس سے اغوا کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس بس پر ترک ایئر لائن کا عملہ سوار تھا جو ایئر پورٹ سے ہوٹل جا رہے تھے‘۔
اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں چار مسلح افراد شامل تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ترکی کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ وہ لبنانی حکام سے رابطے میں ہیں اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’اب تک ہمیں یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ یہ کس نے کیا ہے اور کس مقصد کے تحت کیا ہے‘۔







